جموں//
جموں کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر‘ پی کے پولے نے جمعہ کو کہا کہ وہ گرین الیکشن منعقد کررہے ہیں جس کے تحت مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے دوران ہر پولنگ اسٹیشن پر تقریباً۱۰ سے ۱۲ پودے لگائے جائیں گے۔
پولے نے کہا کہ یہ اقدام بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور گلوبل وارمنگ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
سی ای او نے کہا’’سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہم گرین الیکشن کروا رہے ہیں۔ ماحولیات دنیا کیلئے تشویش کا باعث بنتا جا رہا ہے۔ درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ گلوبل وارمنگ وہاں ہے۔ہر پولنگ اسٹیشن پر ۱۰ سے۱۲ پودے لگائے جائیں گے‘‘۔
پولے نے مزید کہا کہ حال ہی میں ختم ہوئے لوک سبھا انتخابات کے دوران پہلی بار شروع کی گئی ہوم ووٹنگ کی سہولت اسمبلی انتخابات میں بھی جاری رہے گی۔
سی ای او نے مزید کہا’’عمر رسیدہ شہریوں اور معذور افراد کیلئے ووٹنگ کو آسان بنانے کے لئے ہوم ووٹنگ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، ووٹر سہولت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پولنگ عملہ بھی اپنا ووٹ ڈال سکے‘‘۔
انتخابات تین مرحلوں میں۱۸ستمبر۲۵ ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی۸؍ اکتوبر کو ہوگی۔یہ آرٹیکل ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد کشمیر میں ہونے والے یہ پہلے اسمبلی انتخابات ہیں۔
جموں و کشمیر میں کل۹۰؍ اسمبلی حلقے ہیں، جن میں سے ۷ نشستیں ایس سی اور۹ نشستیں ایس ٹی کیلئے مخصوص ہیں۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر میں۰۶ء۸۸ لاکھ اہل رائے دہندگان ہیں۔
پچھلے اسمبلی انتخابات میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے ۲۸‘ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ۲۵، جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (این سی) نے۱۵؍ اور کانگریس نے ۱۲نشستیں حاصل کی تھیں۔ (ایجنسیاں)