جموں//
جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات۲۰۲۴ کے دوسرے مرحلے کیلئے۲۶؍ اسمبلی حلقوں میں کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری دن پیر کے روز ۲۷؍ امیدواروں نے چھ اضلاع کے متعلقہ ریٹرننگ افسروں کے دفتر سے اپنی نامزدگی واپس لے لی جس کے بعد۲۳۹؍امیدوار حتمی انتخابی میدان میں ہیں۔
دوسرے مرحلے تحت ان ۲۶؍ حلقوں میں ۲۵ ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔
جموں کشمیر یو ٹی کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے مطلع کیا کہ کل۲۶۶جائز نامزدگیوں میںسے۲۷ امیدواروں نے نام واپس لینے کی آخری تاریخ یعنی پیر ۹ستمبر۲۰۲۴ تک اپنے کاغذات واپس لے لئے۔
اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ۲۵ستمبر ۲۰۲۴ کو ہونے والے ۲۶؍ اسمبلی حلقوں کیلئے اب صرف۲۳۹؍ امیدوار میدان میں ہیں۔
ضلع بڈگام میں سب سے زیادہ ۹؍ امیدواروں نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لیا، اس کے بعد سرینگر ضلع میں ۶‘ راجوری اور پونچھ اضلاع میں پانچ پانچ‘ریاسی ضلع میں ۲جبکہ گاندربل ضلع میں کسی بھی امیدوار نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس نہیں لیا۔
اس کے ساتھ ہی ضلع سرینگر میں۹۳‘ ضلع بڈگام میں۴۶‘ راجوری ضلع میں۳۴‘ پونچھ ضلع میں۲۵‘گاندربل ضلع میں۲۱؍ اور ریاسی ضلع میں۲۰؍امیدوار حتمی انتخابی میدان میں ہیں۔
ریاسی ضلع میںگلاب گڑھ (ایس ٹی) کے انتخابات کیلئے ۶؍امیدوار آخری انتخابی میدان میں ہیں۔ریاسی میں۷ امیدوار۔ جبکہ سری ماتا ویشنو دیوی حلقے میں۷؍امیدوار میدان میں ہیں۔
راجوری ضلع میںکالاکوٹ سندر بنی حلقے کے انتخابات کیلئے۱۱؍امیدوار ابھی بھی آخری انتخابی میدان میں ہیں۔ نوشہرہ میں ۵؍ امیدوار میدان میں راجوری (ایس ٹی) میں ۸؍امیدوار میدان میں ہیں۔بدھل (ایس ٹی) میں۴؍ امیدوار جبکہ تھنہ منڈی (ایس ٹی) میں۶؍ امیدوار میدان میں ہیں۔
ضلع پونچھ میںسرن کوٹ (ایس ٹی) حلقے کے انتخابات کیلئے۸؍امیدوار آخری انتخابی میدان میں ہیں۔ پونچھ حویلی کی نشست پر۸؍امیدوار میدان میں اترے۔ جبکہ مینڈھر (ایس ٹی) حلقے میں ۹؍ امیدوار میدان میں ہیں۔
اسی طرح گاندربل ضلع میں کنگن (ایس ٹی)حلقے میں ۶؍امیدوار اور گاندربل میں ۱۵؍امیدوار حتمی انتخابی میدان میں ہیں۔
ضلع سرینگر میں حضرت بل حلقے کے انتخابات کیلئے۱۳؍ امیدوار ابھی بھی آخری انتخابی میدان میں ہیں۔ خانیار میں۱۰؍ امیدوار میدان میں ہیں۔حبہ کدل میں ۱۶‘ لالچوک میں۱۰ ‘ چھانہ پورہ میں ۸؍امیدوار‘زڈی بل میں۱۰؍‘ عید گاہ میں۱۳؍جبکہ سینٹرل شلٹنگ میں ۱۳؍امیدوار میدان میں ہیں۔
ضلع بڈگام میں بڈگام حلقہ انتخابات کیلئے۸؍امیدوار آخری انتخابی میدان میں ہیں۔ بیرواہ میں ۱۲ ‘خانصاحب میں ۱۰؍‘چرار شریف میں بھی۱۰جبکہ چاڑورہ حلقے میں۶؍ امیدوار میدان میں ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ۵ستمبر ۲۰۲۴ کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تک۲۶؍ اسمبلی حلقوں میں کل۳۰۹؍ امیدواروں نے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے سامنے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے تھے۔
ان میں سے ۲۶۶؍امیدواروں کے کاغذات نامزدگی ۶ ستمبر کو ہونے والی جانچ پڑتال کے دوران درست پائے گئے تھے۔ اور اب۲۷؍امیدواروں کے دستبردار ہونے کے بعد، ۲۳۹؍امیدوار اب حتمی انتخابی میدان میں باقی ہیں۔