بھدرواہ/جموں 10 ستمبر
بی ایس ایف کے ایک اعلیٰ افسر نے منگل کو کہا کہ سرحدوں پر دراندازی کی روک تھام کے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ دہشت گرد جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات میں دراندازی نہ کریں اور ان میں خلل نہ ڈالیں۔
جموں فرنٹیئر کے بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے انسپکٹر جنرل ڈی کے بورا نے ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ علاقے میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی، جہاں چھ دیگر اضلاع کے ساتھ جنوبی کشمیر کے کل 24 اسمبلی حلقوں اور جموں کی چناب وادی علاقے میں 18 ستمبر کو پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
بورا نے کہا”سرحدیں مکمل طور پر محفوظ ہیں کیونکہ بی ایس ایف نے پولیس سمیت معاون ایجنسیوں کے ساتھ مل کر دراندازی کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔ میں سبھی کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ انتخابی عمل کے دوران ایسی کسی سرگرمی (سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی) کی اجازت نہیں دی جائے گی“۔
بی ایس ایف افسر نے کہا کہ بی ایس ایف کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
بورا نے کہا کہ بی ایس ایف ایک قابل فورس ہے اور آپ ہمارے فوجیوں کو مشکل علاقوں میں زیادہ تعینات پائیں گے ”کیونکہ وہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے اور بہادری سے اپنا کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بی ایس ایف کو انتخابات کے محفوظ انعقاد کےلئے یہاں (چناب وادی میں) تعینات کیا گیا ہے“۔
ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے بی ایس ایف افسر نے کہا کہ زمینی کمانڈر کچھ واقعات سے واقف ہیں اور پورے علاقے کو صاف کرنے کے لئے حکمت عملی کے ساتھ اپنی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ انتخابات کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا۔
قبل ازیں بی ایس ایف کے آئی جی نے فورس کے 20 کمانڈنگ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں انتخابی سیکورٹی کا جائزہ لیا جس کے یونٹ سبھی تین اضلاع میں تعینات ہیں اور بتایا کہ حالیہ دنوں میں اس علاقے میں عسکریت پسندی کے آثار پائے گئے ہیں۔
بورا نے اپنے جوانوں سے چوکس رہنے اور دہشت گردوں کے کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا”وہ (دہشت گرد) بڑی تعداد میں نہیں ہیں لیکن چونکہ اس علاقے میں وسیع جنگلات ہیں، لہذا انہیں زندہ رہنے کا موقع مل رہا ہے۔“ (ایجنسیاں)