سرینگر//
بی جے پی کے سینئر لیڈر رام مادھو نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی سابق ملی ٹنٹوں کی حمایت سے جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات لڑ رہی ہیں۔
مادھو نے کہا’’جہاں تک میری جانکاری کا تعلق ہے تو سابق ملی ٹنٹ کھل کر نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے امید واروں کیلئے مہم چلا رہے ہیں‘‘۔
بی جے پی لیڈر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں کھنموہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
مادھو نے کہا’’نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کا منشور پرانے کی دنوں کی طرف واپس لے جار ہا ہے ، ان دونوں پارٹیوں کو چنائو لڑنے کیلئے سابق ملی ٹنٹ کھل کر مدد کر رہے ہیں‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’جہاں تک میری جانکاری کا تعلق ہے تو سابق ملی ٹنٹ کھل کر نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے امید واروں کے لئے مہم چلا رہے ہیں‘‘۔
مادھو نے کہا کہ جن پارٹیوں اور خاندانوں نے گذشتہ تیس چالیس برسوں سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو مصیبتوں میں ڈال دیا، کو شکست دی جائے گی اور نئے امید واروں کو فتح سے ہمکنار کیا جائے گا۔
بی جے پی لیڈر نے کہا’’جو امن چاہتے ہیں، دہشت گردی کا بالکل سپورٹ نہیں کرتے ہیں،ترقی چاہتے ہیں وہی نئے لیڈر اور پارٹیاں کشمیر میں ابھر کر سامنے آئیں گی‘‘۔ان کا کہنا تھا’’جموں وکشمیر میں ایک نئی حکومت قائم ہو رہی ہے اور ہماری پارٹی بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی‘‘۔
مختلف نظریات کی حامل پارٹیوں کے امید واروں کے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے پر پوچھے جانے پر بی جے پی لیڈر نے کہا’’جمہوریت میں کوئی بھی الیکشن میں حصہ لے سکتا ہے لیکن دہشت گردوں او سابق ملی ٹنٹوں کے سہارے الیکشن نہیں لڑنے ہیں‘‘۔
مادھو نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی چنائو پر امن اور صاف شفاف طریقے سے منعقد ہوں گے جس طرح پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ امیت۶یا۷تاریخ کو جموں وکشمیر کا دورہ کریں گے اور اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی اور دوسرے لیڈروں کا بھی دورہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات تاریخی نوعیت کے ہوں گے ۔
یہ پوچھے جانے پر کہ اگر بی جے پی کو اکثریت نہیں ملی تو کیا وہ کسی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرے گی، مادھو نے کہا کہ بی جے پی سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھرے گی، لیکن اگر ایسی صورتحال ہوتی ہے تو ہم اس پر بعد میں تبادلہ خیال کریں گے۔