جموں/۴ ستمبر
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے چہارشنبہ کے روز جموں و کشمیر میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی پارٹی انڈیا بلاک کے شراکت داروں کی مدد سے مرکز کے زیر انتظام علاقے کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کو یقینی بنائے گی۔
راہل نے کہا”ہم اسمبلی انتخابات کے انعقاد سے پہلے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنا چاہتے تھے لیکن بی جے پی تیار نہیں تھی اور چاہتی تھی کہ انتخابات پہلے ہوں“۔
کانگریسی لیڈر نے کہا”ہم اس خطے کو ریاست کا درجہ واپس دینے کو یقینی بنائیں گے۔چاہے بی جے پی چاہے یا نہ چاہے“۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہم انڈیااتحاد کے جھنڈے تلے حکومت پر دباو¿ ڈالیں گے تاکہ ریاست کا درجہ بحال کیا جاسکے۔
راہل رام بن ضلع کے بانیہال اسمبلی حلقہ کے ایک حصے سنگلدن میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جہاں 18 ستمبر کو تین مرحلوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 25 دیگر حلقوں کے ساتھ ووٹ ڈالے جائیں گے۔
پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر وکر رسول وانی اس حلقے سے انتخاب لڑ رہے ہیں اور انہیں نیشنل کانفرنس کے امیدوار سجاد شاہین اور بی جے پی کے سلیم بھٹ سے بڑا چیلنج درپیش ہے۔ سابق وزیر وانی اس سیٹ سے ایک ہیٹرک حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ (ایجنسیاں)