جموں//
جموں کے بشناہ علاقے میں پیر کی صبح ایک عمر رسیدہ شخص کی پر اسرار حالت میں لاش پائی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں کے بشناہ علاقے کے وارڈ نمبر۷میں ایک۷۰سالہ شخص کی اپنے ہی گھر کے باہر لاش دیکھی گئی۔
ذرائع نے کہا کہ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا۔
متوفی کی شناخت۷۰سالہ جوگندر پال ولد منگا رام کے طور پر ہوئی ہے ۔
متوفی کے ایک رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا’’آج صبح مجھے اطلاع دی گئی ہے کہ گھر کے باہر لاش پڑی ہوئی ہے جس کے بعد ہم نے اس کو اٹھایا اور پولیس کو اس بارے میں مطلع کیا‘‘۔انہوں نے کہا پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور جانچ کی کارروائی میں جٹ گئی۔
ان کا کہنا تھا’’لاش پر زخموں کے نشان تھے جس ہم شک کرتے ہیں کہ اس کو کہیں قتل کیا گیا ہے اور پھر لاش کو یہاں گھر کے باہر چھوڑا گیا ہے ‘‘۔انہوں نے پولیس سے واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے کی اپیل کی۔