نئی دہلی//
الیکشن کمیشن آف انڈیا(ای سی آئی) نے جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل انتظامی حکمت عملی اپناتے ہوئے بارہمولہ اور کپواڑہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پیز) اور ہندواڑہ کے ایس پی کے تبادلے کی ہدایت دیتے ہوئے انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ آئی پی ایس افسران کا ایک پینل وہاں تعینات کرنے کے لیے بھیجے۔
الیکشن افسر نے ایس ایس پی سرینگر آشیش مشرا کو بھی فارغ کرنے کی منظوری دی ہے، جو ایک آئی پی ایس افسر ہیں، جن کا تبادلہ جون ۲۰۲۳ میں جموں و کشمیر سے دہلی پولیس میں کیا گیا تھا لیکن انتظامی وجوہات کی بنا پر انہیں فارغ نہیں کیا جا سکا تھا۔
الیکشن کمیشن نے آئی پی ایس افسر نلن پربھات کی جموں و کشمیر پولیس کے ڈی جی (آپریشنز اینڈ سکیورٹی) کے طور پر تقرری کو بھی۳۰ستمبر تک منظوری دے دی ہے۔ وہ فی الحال انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن پر ہیں اور۳۰ ستمبر تک جموں و کشمیر کے اسپیشل ڈی جی کے طور پر تعینات ہیں۔
ای سی آئی نے اننت ناگ کے ڈپٹی کمشنر ‘ افسر سید فخرالدین حامد کی انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن مدت کار میں دو سال کی توسیع کو بھی منظوری دے دی۔ انہوں نے اس سال ۸ جولائی کو اپنی مدت پوری کی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ بارہمولہ کے ایس ایس پی گریندر پال سنگھ، ہندواڑہ کے ایس پی داؤد ایوب اور کپواڑہ کے ایس ایس پی شوبھت سکسینہ کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں ہوں گے۔
کمیشن نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جمعرات کی شام تک سرینگر، بارہمولہ، ہندواڑہ اور کپواڑہ کے ایس پی / ایس ایس پی کے عہدے کیلئے آئی پی ایس افسران کا ایک پینل فراہم کرے۔