سرینگر//
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے جموں و کشمیر میں منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لعنت ہمارے معاشرے خاص کر ہمارے نوجوانوں کو کھوکھلا کر رہی ہے ۔
پارٹی کے ترجمان ‘طاہر سعید نے جموںکشمیر میں منشیات سے متعلق بڑھتے ہوئے واقعات پر اظہار کا افسوس کیا۔
سعید نے کہا’’ہمارے معاشرے میں منشیات کی لت میں پڑنے والوں کی تعداد خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے ‘‘۔
ترجمان کا کہنا تھا’’یہ دیکھنا انتہائی پریشان کن ہے کہ کس طرح ہماری نوجوان نسل اس لعنت کا شکار ہو رہی ہے اور یہ بدعت کس طرح خاندانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر رہی ہے ۔ نوجوانوں کی زندگیوں کو تباہ کر رہی ہے اور کمیونٹیوں کو غیر مستحکم کر رہی ہے ‘‘۔
سعید کا کہنا تھاکہ اس بدعت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ گیر اور جامع اپروچ کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔
پی دی پی ترجمان نے زور دے کر کہا کہ اس بحران سے نجات حاصل کرنے کیلئے معاشرے کے ہر ذی حس فرد کو اپنا کر دار ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا’’ہم سب والدین، اساتذہ، علما و خطبا اور سیول سوسائٹی کو یک جٹ ہو کر آگے آنے چاہئے اور اس خطرناک وبا کے خلاف ایک ہمہ جہت اور ہمہ گیر جانکاری مہم شروع کرنی چاہئے ‘‘۔
سعید نے کہا کہ نوجوانوں کو اس جال میں پھنسنے سے بچانے کیلئے رہنمائی، سپورٹ اور متبادل انتظام دستیاب رکھنے کی ضرورت ہے ۔
ترجمان نے کہا’’بہ حیثیت ایک جماعت ہم لوگوں کی فلاح و بہبودی کے لئے پُر عزم ہیں اور ہم ان اقدام کی حمایت لگاتار کرتے رہیں گے جو ہمارے لوگوں خاص طور پر ہمارے نوجوانوں کے تحفظ کے ضامن ہوں‘‘۔
سعید کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی منشیات کے خلاف فوری اور اجتماعی کارروائیوں کی تاکید کرتی ہے تاکہ معاشرے کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لینے سے قبل ہی اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے ۔