نئی دہلی// دہلی پردیش کانگریس نے پنجابی گلوکار اور کانگریس لیڈر سدھو موسے والا کے قتل کے خلاف آج یہاں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا اور کہا کہ اس قتل کے لیے پنجاب حکومت ذمہ دار ہے، اس لیے وزیر اعلی بھگونت مان کو استعفیٰ دینا چاہیے۔
دہلی پردیش کانگریس کے صدر چودھری انیل کمار کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے مسٹر کیجریوال کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا اور کہا کہ لیجنڈ گلوکار کی جان بچائی جا سکتی تھی اگر پنجاب حکومت ان کے حفاظتی محافظوں کو نہ ہٹاتی۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مان نے مسٹر کیجریوال کے کہنے پر کچھ لیڈروں اور عہدیداروں کی سیکورٹی میں کمی کی ہے۔ ان کا یہ اقدام ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے اور اسی کے تحت منتخب لوگوں کی حفاظت میں تخفیف کی گئی ہے۔ اس واقعے کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے۔ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے اس لیے وزیر اعلیٰ فوری مستعفی ہو جائیں۔