سرینگر//
ہندواڑہ میں نجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو سگی بہنوں کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ ایک شخص شدید طورپر زخمی ہوا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز ہندواڑہ کے کاشتواری علاقے میں ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر لڑھک گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور گاڑی میں سوار چار افرادکو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے دو بہنوں کو مردہ قرار دیا۔
ہلاک شدگان کی شناخت‘ صبا شفیع جو بنگلہ دیش میں ایم بی بی ایس کررہی تھیں،علیزہ شفیع دختران محمد شفیع ساکن پانتھ چوک کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمی شخص کی شناخت نور احمد بابا کے بطور کی گئی ہے ،زخمی بچے کی شناخت معلوم نہیں ہو سکی ۔
افسوس ناک بات یہ ہے کہ متاثرہ صبا حال ہی میں تشدد سے متاثرہ بنگلہ دیش سے واپس آئی تھیں، جہاں وہ ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کر رہی تھیں۔ اس افسوسناک واقعے میں ڈاکٹر بننے کے ان کے خواب چکنا چور ہو گئے۔
ڈرائیور اور بچے سمیت زخمیوں کو علاج کے لئے سرینگر کے اسپتال لے جایا گیا۔ ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
اس سلسلے میں پولیس نے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔