سرینگر//
جموں کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سال۲۰۲۳کے ماہ جنوری سے۳۷۵مقدمے درج کرکے ۶سو۵۱منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جن کی تحویل سے۵ء۸۶کروڑ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد ضبط کیا گیا ہے ۔
گرفتار شدہ۶۵۱منشیات فروشوں میں سے۱۲۲سخت گیر منشیات فروش ہیں جن کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق اس دوران۲۰بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی غیر قانونی طور منشیات کے کاروبار سے حاصل شدہ۱۰کروڑ رویے مالیت کی جائیدادوں کو منسلک کر دیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا’’ڈرگ فری بارہمولہ کی مہم کے تحت اور منشیات کے خلاف جنگ و جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوری۲۰۲۳سے۵ء۸۶کروڑ رویے مالیت کا نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ پولیس نے اس دوران۲۰بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی۱۰کروڑ روپیے مالیت کی جائیدادوں جن میں رہائشی مکانات‘شاپنگ کمپلیکسز، گاڑیاں اور اراضی شامل ہیں، کو ضبط کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ضلع بارہمولہ میں ہیرائن کے استعمال کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔
پولیس نے لوگوں سے آس پاس علاقوں میں ہونے والی منشیات فروشی کے متعلق پولیس کو مطلع کرنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف تحت قانون سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے چھ مہینوں کے دوران ضلع میں۴۵سخت گیر منیشات فروشوں سمیت۱۷۸منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے کروڑوں رویے مالیت کا نشہ آور مواد بر آمد کیا۔