سرینگر//
جنوبی ضلع شوپیاں کے دبجن پہاڑی علاقے میں ٹریکنگ کے دوران حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ۲۴سالہ نوجوان جاں بحق ہوا جبکہ دو دیگر شدید طورپر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پہاڑی ضلع شوپیاں سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان جمعرات کی صبح ٹریکنگ کی خاطر گھر سے نکلے اس دوران جوں ہی وہ دبجن کے مقام پر پہنچے تو پیر پھسل جانے کے نتیجے میں تینوں پہاڑی سے نیچے گر آئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ۲۴سالہ نوجوان کو مردہ قرار دیا۔
شوپیاں ضلع ہسپتال میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر تین نوجوانوں کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا۔انہوں نے کہاکہ ایک نوجوان کی پہلے ہی موت واقع ہوئی تھی جبکہ دو کو ابتدائی مرہم پٹی کے بعد سری نگر منتقل کیا گیا۔
متوفی نوجوان کی شناخت مرتضیٰ احمد پرے ولد غلام حیدر پرے ساکن وٹہ مولہ شوپیاں کے بطور کی گئی ہے جبکہ زخمیوں کی پہچان زبیر احمد میر ولد ظہور احمد میر اور عبید احمد میر ولد ظہور احمد میر ساکنان نازین پورہ شوپیاں کے بطور ہوئی ہے ۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہوا ۲۴سالہ نوجوان چھ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔