سرینگر//
جموں خطے میں بڑھتے ہوئے حملوں کے بیچ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
محبوبہ نے کہاکہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ جموں خطے میں جوانوں کے جان بحق ہونے پر کوئی جوابدہی نہیں ہے ۔
ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ ۳۲مہینوں کے دوران ملی ٹینٹ حملوں میں ۵۲فوجی جوان جاں بحق ہوئے ہیں تاہم سرکار کی جانب سے کوئی احتساب نہیں ہے ۔
محبوبہ نے کہاکہ گزشتہ رات ڈوڈہ میں ملی ٹینٹوں کی فائرنگ میں ایک سینئر آفیسر سمیت پانچ اہلکار جاں بحق ہوئے ۔
پی ڈی پی سربراہ مفتی نے کہا’’فوجی اپنی ڈیوٹی کے لیے کشمیر آتے ہیں لیکن تابوت میں واپس چلے جاتے ہیں۔ اس کے لیے کون ذمہ دار ہے اس کا تعین ہونا چاہئے ‘‘۔
پی ڈی پی صدرنے وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سے جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ حملوں اور ہلاکتوں کا نوٹس لینے اور جوابدہی طے کرنے کی اپیل کی۔