سرینگر//
جاں بحق فوجی کیپٹن برجیش تھاپا کے والدین نے منگل کو کہا کہ انہیں اپنے بیٹے پر فخر ہے جو جموں و کشمیر میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے کارروائی میں مارا گیا۔
اس افسر کی پیدائش آرمی ڈے کے موقع پر ہوئی تھی، جو ملک میں ۱۵ جنوری کو منایا جاتا ہے۔
کرنل بھونیش کے تھاپا (ریٹائرڈ) نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا، جو خاندان میں تیسری نسل کا فوجی افسر ہے، ان سے متاثر تھا اور بچپن سے ہی ہندوستانی فوج میں شامل ہونا چاہتا تھا۔
ریٹائرڈ فوجی افسر نے کہا’’مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے‘‘۔
دارجلنگ کے لیبونگ کے جنگ ٹی اسٹیٹ سے فون پر انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا’’یہ ایک فوجی آپریشن تھا اور اس طرح کی کارروائیوں میں ہمیشہ خطرہ رہتا ہے‘‘۔
کرنل تھاپا نے کہا کہ خطرہ جو بھی ہو، فوج کے جوانوں کو خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا’’میرے بیٹے نے اس طرح کے خطرناک آپریشن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسے ایمانداری سے انجام دیا ہے‘‘۔
جاںبحق افسر کی والدہ نیلیما نے بتایا کہ وہ ۱۵جنوری کو آرمی ڈے کے موقع پر پیدا ہوئے تھے۔’’مجھے فخر ہے کہ انہوں نے ملک کے لئے بہت کچھ کیا۔ لیکن یہ اتنا بڑا نقصان ہے‘وہ اب ہم سے بہت دور جا چکا ہے ۔ اس لیے مجھے بھی دکھ ہوتا ہے‘‘، نیلیما نے اپنے آنسوؤں پر قابو پاتے ہوئے کہا۔انہوں نے کہا’’فرض فرض ہے۔ ایک بار جب آپ بیلٹ اور ٹوپی پہن لیتے ہیں، تو آپ پیچھے نہیں ہٹ سکتے ہیں‘‘۔
متاثرہ ماں نے کہا کہ یہ ملک کی سرحدوں پر ہندوستانی فوج کے جوان ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ شہری محفوظ طریقے سے رہیں۔انہوں نے کہا’’اس کو یقینی بنانے کے لئے سرحدوں پر بہت زیادہ تعیناتی کی گئی ہے‘‘۔
جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں کیپٹن سمیت چار فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔
کرنل تھاپا نے کہا کہ برجیش ایک قابل انجینئر تھا، لیکن اس نے فوج میں شامل ہونے کا انتخاب کیا۔انہوں نے کہا’’وہ ۲۷سال کے تھے اور پانچ سال پہلے فوج میں شامل ہوئے تھے‘‘۔انہوں نے کہا کہ برجیش نے آخری بار۱۴ جولائی کو فون پر فیملی سے بات کی تھی۔
ریٹائرڈ فوجی افسر نے بتایا کہ انہیں پیر کی رات حکام کی جانب سے ان کے بیٹے کی شہادت کی اطلاع دی گئی تھی۔
جاں بحق ہوئے افسر کی والدہ نے بتایا کہ وہ فوج کی۱۴۵ایئر ڈیفنس رجمنٹ سے تھا اور ۱۰ راشٹریہ رائفلز میں ڈیپوٹیشن پر تھا۔انہوں نے کہا’’وہ مارچ میں چھٹی پر گھر آیا تھا۔برجیش کنوارا تھا‘‘۔انہوں نے کہا کہ برجیش فیملی کی تیسری نسل کے فوجی افسر تھے، ان کے سسر اور شوہر فورس میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
نیلیما نے بتایا کہ پنجاب کے جالندھر میں پیدا ہونے والے برجیش نے اپنی اسکولی تعلیم ممبئی کے آرمی اسکول میں حاصل کی۔
امکان ہے کہ ان کی میت منگل کی رات باگ ڈوگرہ ہوائی اڈے پہنچے گی۔انہوں نے کہا کہ برجیش کے جسد خاکی کو بدھ کی صبح باگ ڈوگرہ میں پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد لیبونگ میں ان کے آبائی گھر لے جایا جائے گا۔