سرینگر/15جولائی
فوج کا کہنا ہے کہ کیرن سیکٹر میں اتوار کے روز دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناکر تین ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
فوج کے 268بریگیڈ کے کمانڈر این ایل کلکرنی نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کیرن سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنایا گیا ہے ۔
کلکرنی نے کہاکہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار کی صبح کیرن سیکٹر میں تلاشی آپریشن شروع کیا ۔
فوجی کمانڈر کے مطابق کپواڑہ پولیس اور فوج نے مشترکہ طورپر کیرن سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا یا جس دوران تین دہشت گرد مارے گئے ۔ان کے مطابق جاں بحق دہشت گردوں کے قبضے سے تین اے کے رائفلیں، چار پستول ، چھ ہینڈ گرینیڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا ہے ۔
کلکرنی نے کہاکہ دراندازی کرنے والے ملی ٹینٹ کشمیر میں پر امن حالات کو درہم برہم کرنے کی فراق میں تھے ۔
فوجی کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے منصوبے کو ناکام بنایا کر تین دہشت گردوں کو مار گرایا ور ان کے قبضے سے ہتھیار و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ۔
کلکرنی نے کہا ”سیکورٹی ایجنسیاں وادی کشمیر میں قیام امن کی خاطر اپنے فرائض خو ش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہیں“۔
بریگیڈر نے کہاکہ دہشت گردوں کے منصوبے کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج چوکس ہے اور کسی کو بھی اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔