نئی دہلی//
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے جموں و کشمیر میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے اور ووٹر لسٹوں کی دوسری خصوصی سمری ۲۰؍ اگست تک مکمل کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی ڈائریکٹر شبرا سکسینہ نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پولے اور ضلع الیکشن افسروں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کی قیادت کی اور اہم ہدایات فراہم کیں۔
دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ورچوئل میٹنگ میں انتخابی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی، جس میں عہدیداروں نے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔
ووٹر لسٹوں کی خصوصی سمری نظرثانی کا عمل ۲۵جون سے شروع ہوا تھا جو۲۴ جولائی تک مکمل ہوجائے گا۔ اعتراضات اور دعوے درج کرانے کی مدت ۲۵ جولائی سے۹؍ اگست تک ہوگی اور ۱۹؍ اگست تک حل کی توقع ہے۔ حتمی رائے دہندگان کی فہرست ۲۰؍اگست کو جاری ہونے والی ہے۔
ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ کرنے کے علاوہ پولنگ مراکز کی حدود کا تعین اور توسیع کی کوششیں جاری ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے مقابلے اسمبلی انتخابات کے لئے پولنگ مراکز کی تعداد میں اضافہ ہونے والا ہے۔۲۷۔۲۸ جولائی اور۳۔۴؍ اگست کو خصوصی کیمپوں کی مدد سے گھر گھر جا کر تصدیق کی جائے گی۔
ایک الیکشن افسر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کا سکریٹری سطح کا ایک افسر ۱۲ جولائی کو الیکٹورل رجسٹریشن افسروں (ای آر او) سے ملاقات کرے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سرینگر میں بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ وہ اسمبلی انتخابات کرانے اور جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس کے بعد بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے اس ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے علاقے کا دورہ کیا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے کہ جموں کشمیر میں اسمبلی الیکشن امسال ستمبر کے آخر تک منعقد کئے جائیں ۔