جموں//
جموںکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے جمعرات کو یہاں جموں خطے میں ہو رہے ملی ٹنٹ حملوں کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستان کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے ۔
اس موقع پر کمیٹی کے صدر وقار رسول وانی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا’’جموں خطے میں ہو رہے دہشت گردانہ حملوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہئے اور دہشت گردوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی انجام دی جانی چاہئے ‘‘۔
وانی نے کہا’’بی جے پی آج دہشت گردی پر بات نہیں کر رہی ہے ہمارے۶جوان شہید ہوئے۵زخمی ہوئے لیکن بی جے پی کی طرف سے کوئی مذمتی بیان سامنے نہیں آیا‘‘۔ان کا کہنا تھا’’کانگریس دہشت گردی کے خلاف بی جے پی کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے ‘‘۔
کانگریسی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی جموں وکشمیر میں دہشت گردی ختم کرنے کے کھوکھلے دعوے کر رہی ہے لیکن دہشت گردانہ حملے لگاتار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا’’موجودہ مرکزی سرکار کمزور ہے اور یہ سرکار چھپا رہی ہے ۔‘‘