سرینگر/۱۱جولائی
سینئر ایڈوکیٹ اور جموں وکشمیر ہائی بار ایسو سی ایشن کے چیئرمین نذیر رونگا کو جموں و کشمیر پولیس نے حراست میں لیا ہے ۔
ایڈوکیٹ رونگا کی گرفتاری کی تصدیق ان کے فرزند عمیر رونگا جو خود سری نگر ہائی کورٹ میں وکیل ہیں، نے کی۔
انہوں نے ’ایکس‘پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا”میرے والد ایڈوکیٹ این اے رونگا، چیئرمین جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن، کو انتہائی پریشان کن حالات میں گرفتار کیا گیا ہے “۔
عمیرنے کہا”ایک بج کر دس منٹ پر جموں وکشمیر پولیس کا ایک دستہ بغیر کسی گرفتاری وارنٹ کے ہمارے گھر پہنچا، صرف یہ کہتے ہوئے کہ "یہ اوپر سے آرڈر” ہے “۔
عمیر نے اپنے پوسٹ میں کہا”ہم گہرے صدمے اور پریشانی کی حالت میں ہیں“۔انہوں نے کہا”ہم صرف یہ امید کرسکتے ہیں کہ یہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے ممبران کو ڈرانے کے لئے پی ایس اے استعمال کرنے کی کوئی اور مثال نہیں ہے “۔
تاہم ایڈوکیٹ رونگا کی گرفتاری کے سلسلے میں جموں وکشمیر پولیس کی طرف سے فی الوقت کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ماہ سینئر ایڈوکیٹ اور کشمیر بار ایسو سی ایشن کے سابق صدر میاں قیوم کو پولیس نے سال 2020 میں ایڈوکیٹ بابر قادری کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔