سرینگر//
کشمیر پاور ڈِسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈِی سی ایل) نے گھریلو صارفین کو ایک بڑی راحت دیتے ہوئے حکومت کی پاور ایمنسٹی سکیم کے تحت تاخیر سے ادائیگی سرچارج کی مد میں اَب تک ۱۱ء۵۳ کروڑ روپے معاف کئے ہیں۔
اَب تک۰۲ء۱ لاکھ گھریلو صارفین نے سکیم کے تحت کے پی ڈِی سی ایل کو واجب الادا اصل رقم ادا کرکے چھوٹ کا فائدہ حاصل کیا ہے جس کا اعلان۲۰۲۲ ء میں کیا گیا تھا اور بعد میں حکومت نے اِس برس ۳۱مارچ ۲۰۲۵ ء تک توسیع کی تھی۔
کے پی ڈِی سی ایل کے ترجمان نے آج پریس کو جاری ایک بیان میں گھریلو صارفین پر زور دیا کہ وہ دیر سے ادائیگی کے سرچارج پر چھوٹ کا فائدہ اُٹھائیں اور اَپنے طویل عرصے سے زیرِ اِلتوأ بِلوں کو نمٹائیں۔
ترجمان کے مطابق گھریلو صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اَپنے بلوں کی ادائیگی کے لئے اَپنے متعلقہ الیکٹرک سب ڈویژن سے رابطہ قائم کریں۔ وہ معافی کا دعویٰ کرنے کے لئے کے پی ڈِی سی ایل کو واجب الادا اَصل رقم مکمل یا مساوی اَقساط میں اَدا کر سکتے ہیں۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سکیم کو۳۱ ؍مارچ۲۰۲۵ ء سے آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔
کے پی ڈِی سی ایل نے گھریلو صارفین کو سہولیت فراہم کرنے کیلئے تاخیر سے ادائیگی کے سرچارج کی وجہ سے۱۱ء۵۳کروڑ روپے کی رقم ضبط کرنے کے بعد اَب تک پاور ایمنسٹی سکیم کے تحت ۱۴۴کروڑ روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ہے۔
صارفین کی سہولت کیلئے کے پی ڈِی سی ایل کی تمام الیکٹرک سب ڈویژنوںمیں پاور ایمنسٹی کیمپ بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔ اِن کیمپوں میں اِس سکیم کو زبردست ردِّعمل ملا ہے جس میں بہت سے صارفین نے اَپنے بلوں کی اَدائیگی کی ہے۔ تاہم، اَب بھی صارفین کی ایک بڑی تعداد جن پر بھاری واجبات واجب الادا ہیں ،اُنہوں نے ابھی تک اَپنے بِلوں کی اَدائیگی کے لئے متعلقہ سب ڈویژنوں سے رابطہ نہیں کیا ہے۔
کے پی ڈِی سی ایل کے ترجمان نے مزید کہا کہ جاری کردہ احکامات کے مطابق کے ڈِی پی سی ایل اُن تمام گھریلو صارفین کی بجلی منقطع کرنے کا عمل تیز کرے گا جو پاور ایمنسٹی سکیم سے فوائد حاصل کرنے کے خواہشمند نہیں ہیں۔