سرینگر//
لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر آئی ٹی بی پی نے تین اسمگلروں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے۱۰۸کلو سونا برآمد کرکے ضبط کیا ہے ۔
آئی ٹی بی پی کے ایک سینئر آفیسر نے لداخ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ منگل کے روز آئی ٹی بی پی ۲۱ویںبٹالین معمول کے مطابق چنگ تھنگ سب سیکٹر ، نار بلہ زانگلی اور چزبلو میں پیٹرولنگ پر مامور تھے ۔
آفیسر نے کہا کہ آئی ٹی بی پی کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ حقیقی کنٹرول لائن سے ایک کلومیٹر کی دوری پر واقع علاقہ سراپلی میں اسمگلنگ کا امکان ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمانڈنٹ دیپک بٹ کی سربراہی میں ٹیم نے دو مشتبہ افراد کو دیکھا اور انہیں رکنے کا اشارہ کیا تاہم دونوں نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی ۔
سینئر آفیسر نے بتایا کہ آئی ٹی بی پی اہلکاروں نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر دونوں کا پیچھا کیا اور کافی دیر کے بعد مفرور مشتبہ افراد کو دھر دبوچا گیا۔
ان کے مطابق دونوں نے ٹیم کو بتایا کہ وہ جڑی بوٹی لانے کی خاطر یہاں آئے ہوئے تھے لیکن جوں ہی آئی ٹی بی پی اہلکاروں نے ان کے سامان کی تلاش لی تو بڑی مقدار میں سونا برآمد ہوا۔
اسمگلروں کی شناخت ۴۰سالہ سیرنگ چھمبا اور سٹانزن ڈروگیال ساکنان نیوما لداخ کے بطور ہوئی ہے ۔ان کے مطابق گرفتا ر شدگان کی نشاندہی پر آئی ٹی بی پی اور لداخ پولیس نے تیسرے اسمگلر کی بھی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔