سرینگر///
جموںکشمیر اپنی پارٹی نے بدھ کی صبح یہاں بجلی فیس میں اضافے کے خلاف احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے ۔
اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر منتظر محی الدین نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج اپنی پارٹی دو مطالبوں کو لے کر احتجاج کر رہی ہے جن میں بجلی فیس میں اضافہ اور پانی پر میٹر نصب کرنا ہے ۔
محی الدین نے کہا’’ہمیں ۸گھنٹوں کی بجلی کیلئے۲۴گھنٹوں کی مسلسل بجلی کا بل ادا کرنا پڑتا ہے جو نا انصافی ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا’’یہ ایک انسانی مسئلہ ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ موجودہ انتظامیہ اس مسئلے پر نظر ثانی کرے ‘‘۔
اپنی پارٹی لیڈر نے کہا کہ ہمارا دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ پانی پر بھی میٹر نصب کرائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا’’ہماری وادی پانی کے وافر وسائل سے مالا مال ہے لیکن اب ہمیں سوچنا پڑے گا کہ ہم پانی کا ایک گلاش پئیں گے یا آدھا ہی پئیں گے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پانی کیلئے سالانہ فیس ہی رکھا جانا چاہئے ۔
محی الدین نے کہا کہ اگر موجودہ انتظامیہ نے ان دو مطالبوں کو پورا نہیں کیا تو ہم سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوں گے ۔انہوں نے کہا’’اپنی پارٹی لوگوں کی سہولیات کے لئے آئین و قانون کے تحت کوئی بھی اقدام کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔‘‘