نئی دہلی//
مرکز نے جمعہ کو سپریم کورٹ سے کہا کہ این ای ای ٹی۔یو جی۲۰۲۴ کے امتحان کو منسوخ کرنا کوئی منطقی قدم نہیں ہوگا اور سوالات کی کوشش کرنے والے لاکھوں ایماندار امیدواروں کو ’سنگین خطرے‘ میں ڈال دے گا۔
امیدواروں، کوچنگ انسٹی ٹیوٹس اور این ای ای ٹی یو جی امیدواروں کے والدین کی جانب سے دائر عرضیوں کے جواب میں جمع کرائے گئے حلف نامہ میں مرکزی وزارت تعلیم نے کہا کہ حکومت نے سی بی آئی سے مبینہ بے ضابطگیوں کی جامع تحقیقات کرنے کو کہا ہے۔
حلف نامہ میںمرکز نے کہا’’یہ بھی عرض کیا جاتا ہے کہ اس کے ساتھ ہی پورے ملک میں ہونے والے امتحان میں بڑے پیمانے پر رازداری کی خلاف ورزی کا کوئی ثبوت نہ ہونے کی صورت میں پورے امتحان اور پہلے سے اعلان کردہ نتائج کو منسوخ کرنا معقول نہیں ہوگا‘‘۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی امتحان میں مسابقتی حقوق بنائے جاتے ہیں جس کے تحت بڑی تعداد میں طلباء کے مفادات کو بھی خطرے میں نہیں ڈالا جانا چاہئے جنہوں نے کسی غیر منصفانہ طریقے کو اپنائے بغیر امتحان دیا ہے۔
حلف نامہ میں کہا گیا ہے’’امتحان کو مکمل طور پر ختم کرنے سے ان لاکھوں ایماندار امیدواروں کو سنگین خطرہ لاحق ہو جائے گا جنہوں نے ۲۰۲۴ میں پرچہ دینے کی کوشش کی تھی‘‘۔
حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ امتحان کے دوران بے ضابطگیوں، دھوکہ دہی، نقل اور بے ضابطگیوں کے کچھ مبینہ واقعات ہوئے ہیں اور اہم تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی سے کہا گیا ہے کہ وہ مبینہ بے ضابطگیوں کے تمام پہلوؤں کی جامع تحقیقات کرے۔
حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ سی بی آئی نے متعلقہ ریاستی حکومتوں کے ذریعہ مختلف ریاستوں میں درج معاملوں کو اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور جانچ کر رہی ہے۔
سپریم کورٹ ۸جولائی کو کئی عرضیوں پر سماعت کرنے والی ہے، جن میں ۵مئی کو منعقدہ امتحان میں بے ضابطگیوں کا الزام لگانے اور اسے نئے سرے سے منعقد کرنے کی ہدایت دینے کی مانگ بھی شامل ہے۔
پیپر لیک سمیت بے ضابطگیوں کے الزامات کی وجہ سے کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے اور حریف سیاسی جماعتوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
اس دوران نیشنل ایگزامنیشن بورڈ نے ۱۱؍اگست کو اعلیٰ طبی تعلیم کے قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ این ای ای ٹی ۔ پی جی کے امتحان کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ۔
بورڈ نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ یہ امتحان دو شفٹوں میں منعقد ہوگا۔
این ای ای ٹی ۔ پی جی امتحان میں پیپر لیک ہونے کے بعد نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشن نے این ای ای ٹی ۔ پی جی کا امتحان ملتوی کر دیا تھا۔ یہ امتحان۲۲جون کو ہونا تھا۔