نئی دہلی//
الیکشن کمیشن نے جموں کشمیر کے بارہمولہ لوک سبھا حلقہ کے لئے انتخابی اخراجات کی رپورٹ میں نمایاں فرق پر نو منتخب رکن پارلیمنٹ شیخ عبدالرشید عرف انجینئر رشید کو نوٹس بھیجا ہے۔
الیکشن اتھارٹی نے دو دن کے اندر جواب طلب کیا ہے۔
بارہمولہ کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن افسر نے منگل کو نوٹس جاری کیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ رشید کے ذریعے جمع کرائے گئے اخراجات کے رجسٹر میں۱۰ء۲لاکھ روپے دکھائے گئے ہیں، جبکہ مبصرین کے ذریعے رکھے گئے شیڈو رجسٹر میں اصل رقم۷۸ء۱۳ لاکھ روپے درج ہے۔
دہشت گردی کی فنڈنگ کے الزام میں ۲۰۱۹ میں این آئی اے کے ذریعہ گرفتاری کے بعد دہلی کی تہاڑ جیل میں قید رشید کو ۵جولائی کو لوک سبھا رکن کے طور پر حلف اٹھانے کے لئے دو گھنٹے کی تحویل پیرول دی گئی ہے۔ انہوں نے اپنی پارلیمانی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے عبوری ضمانت یا حراستی پیرول کی درخواست کی تھی۔
نوٹس میں رشید یا ان کے نمائندے سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دو دن کے اندر ضلع اخراجات کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کے سامنے پیش ہوں تاکہ اس تضاد کو دور کیا جاسکے اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کو اخراجات کی رپورٹ بروقت پیش کرنے کو یقینی بنایا جاسکے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انتخابی اخراجات کی رپورٹنگ کے تقاضوں پر عمل نہ کرنے کی صورت میں الیکشن کمیشن عوامی نمائندگی ایکٹ ۱۹۵۱ کے تحت تین سال کے لیے نااہل قرار دے سکتا ہے۔
آزاد امیدوار کے طور پر منتخب ہونے والے رشید نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ کو شکست دے کر بارہمولہ سیٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔
لوک سبھا انتخابات کے دوران یہ سوالات اٹھائے گئے تھے کہ جیل میں ہونے کے باوجود گزشتہ پانچ سالوں میں رشید کی ذمہ داریوں میں نمایاں کمی اور اثاثوں میں اضافہ کیسے ہوا۔