سرینگر//
وسطی ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے میں بدھ کی شام کو اسکول ایکسکرشن گاڑی گہری کھائی میں جاگری تاہم خوش قسمتی یہ رہی ہے کہ مقامی لوگوں اور پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گاڑی میں پھنسے ہوئے طلبا کو باہر نکال کر محفوظ جگہ منتقل کیا گیا۔
بتادیں کہ حادثے کے وقت گاڑی میں۳۰ طلاب سوار تھے ۔
بلاک میڈیکل آفیسر کے مطابق اس حادثے میں ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
عین شاہدین نے بتایا کہ نماز مغرب کے وقت گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے ساتھ ہی مقامی لوگوں اورپولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور گاڑی میں پھنسے ہوئے طلبا کو باہر نکال کر محفوظ جگہ منتقل کیا۔
شاہدین نے مزید بتایا کہ اس گاڑی میں ۳۰طلبا سوار تھے تاہم غنیمت یہ رہی ہے کہ صرف ڈرائیور اور ایک بچی کو چوٹ آئی باقی سبھی بچے محفوظ ہیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کو پارکنگ کی فینسنگ اور بنڈ تعمیر کرنے کے حوالے سے بار بار کہا گیا لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
سب ضلع ہسپتال چرار شریف میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ہسپتال میں صرف دو زخمیوں کو لایا گیا ہے اور ان کی حالت بھی مستحکم ہے ۔انہوں نے زخمی ڈرائیور کی شناخت ارشاد احمد ساکن کپواڑہ کے بطور کی ۔
ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ بچی کو کوئی چوٹ وغیرہ نہیں آئی اور ابتدائی تشخیص کے بعد اس کو بھی ہسپتال سے رخصت کیا گیا۔