سری نگر//
منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے چھ مہینوں کے دوران۱۷۸مقدمے درج کرکے۴۵سخت گیر منشیات فروشوں سمیت ۱۷۸منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے کروڑوں روپے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس نے رواں سال کے ماہ جنوری سے ماہ جون تک مختلف کارروائیوں کے دوران۱۷۸مقدمے درج کرکے۱۷۸منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
ترجمان نے کہا کہ گرفتار شدگان میں سے۱۳۳کو این ڈی پی ایس ایکٹ جبکہ۴۵کی پی ٹی آئی/ این ڈی پی ایس/ پی ایس اے کے تحت گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران منشیات فروشوں سے۱۵گاڑیاں ضبط جبکہ۱۴لاکھ ۵۰ہزار روپیے نقدی برآمد کئے گئے ۔
ترجمان نے کہا کہ سال رواں کے پہلے۶ مہینوں کے دوران گرفتار شدہ منشیات فروشوں کی تحویل سے کل۵۲کروڑ مالیت کا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔انہوں نے ضبط شدہ نشہ آور مواد کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ منشیات فروشوں کی تحویل سے۳۲۷ء۸کلو گرام براؤن شوگر جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت۷۳ء۵۱کروڑ روپے ہے‘۶۷۱گرام ہیرائن جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت۴۳ء۸۶لاکھ رویے ہے‘۹۸ء۴کلو چرس جس کی قیمت ۳۳لاکھ رویے ہے‘۲۰ء۶۲کلو بھنگ پاؤڈ جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت۷۷ء۴۱لاکھ روپے ہے ،سپاسموپراگزییون پلس کی۱۵۱۶گولیاں جس کی قیمت ۷۲ ہزار رویے ہے اور کوڈین فاسفوٹ کی ۸۱سرپس جس کی مارکیٹ میں قیمت۲۰ہزار روپے ہے ، نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے سال ۲۰۲۳کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف۲۶۴مقدمے درج کرکے۴۶۴منشیات فروشوں کو گرفتار کیا تھا۔








