سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے آج سول سکریٹریٹ میں جموں و کشمیر انٹیگریٹڈ گروینس ریڈرس ریڈریشن اینڈ مانیٹرنگ سسٹم (جے کے،آئی جی آر اے ایم ایس) کے درخواست دہندگان سے بات چیت کی اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ان کی شکایات کا ازالہ کیا۔
آج کے’ایل جی سے ملاقات‘… لائیو عوامی شکایات کی سماعت کے پروگرام میں ، شکایت کنندگان کی متعدد شکایات کا موقع پر ہی لیفٹیننٹ گورنر نے ازالہ کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ سماجی بہبود کی اسکیموں کا فائدہ تمام ضرورت مند لوگوں تک پہنچے۔
سنہا نے یو ٹی انتظامیہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ایک دیکھ بھال کرنے والا، حساس، جوابدہ اور موثر عوامی خدمات کی فراہمی کا نظام تشکیل دے گا۔
ایل جی کاکہنا تھا’’سماج کے پسماندہ طبقوں کو بااختیار بنانا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ تمام اضلاع میں جاری اسکیموں کے لئے نگرانی اور تشخیص کا ایک مضبوط میکانزم ہے اور وہ شہریوں کی ضروریات اور خدشات کو بھی دیکھتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام پر مرکوز انتظامیہ کو مضبوط بنانے کیلئے مختلف سطحوں پر صلاحیت سازی پر مسلسل کام کر رہی ہے۔
پنچایت اتھم موہڑہ پانڈو میں غیر قانونی کان کنی کے معاملے سے متعلق جموں کے بلونت سنگھ کی شکایت پر جواب دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ عہدیداروں کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
دریائے لدر پر سیر تا نمبل پل کی تعمیر سے متعلق سر ہمدان، اننت ناگ کے رہائشی زبیر سلطان کی شکایت پر لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا کہ بقیہ کام کی تکمیل کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ امرناتھ یاتریوں کو تمام سہولیات کو یقینی بنائیں اور آئندہ محرم کے سلسلے میں پیشگی ضروری اقدامات کریں۔