سرینگر//
سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یاترا کے احسن انعقاد کیلئے ’امسال یاترا کیلئے جموں صوبہ میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں، لکھن پور سے جواہر ٹنل تک جو۲۶۸کلو میٹر قومی شاہراہ پانچ اضلاع کٹھوعہ، سانبہ، جموں، اودھم پور اور رام بن سے گزرتی ہے ، کو مختلف زونوں اور سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے اور زونل سطح پر ایک افسر کو لگایا گیا ہے ‘۔
یاترا کو سب سے زیادہ دراندازی کا خطرہ رہتا ہے جس کیلئے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے کہا’’سالانہ امرناتھ یاترا کو سب سے بڑا خطرہ یہ رہتا ہے کہ کہیں دراندازی نہ ہوجائے اور اس کے بعد کہیں کوئی واردات پیش نہ آجائے اس لئے سیکورٹی گرڈ کو مزید مستحکم کیا گیا ہے ‘‘۔
ذرائع نے کہا کہ یاترا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے بارڈر پولیس فورس کے ساتھ ساتھ بی ایس ایف کی اضافی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد کی طرف سے قومی شاہراہ کی طرف آنے والی تمام سڑکوں پر چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں، کئی جگہ گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے ناکے لگائے گئے ہیں اور جو قومی شاہراہ کے چیک پوسٹس ہیں انہیں مزید مستحکم کیا گیا ہے وہاں سینٹرل پیرا ملٹری فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ امسال لنگروں میں خصوصی لائٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا’’امسال تمام لنگروں نے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے ہیں اور لائٹس بھی نصب کی ہیں، اور وہاں مستقل طور پر سیکورٹی فورسز تعینات رہیں گے ‘‘۔
بتادیں کہ۲۹جون سے جموں سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران اب کی بار سی آر پی ایف یاترا گاڑیوں کی آر ایف آئی ڈی ٹیگنگ کرے گی۔ اس کے علاوہ سبھی یاتریوں کو بار کوڈ کے ذریعے رجسٹر کیا جائے گا۔
سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں پولیس، فوج اور سراغ رساں ایجنسیوں سے وابستہ آفیسران نے سیکورٹی انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سرینگر اور جموں میں پولیس ، فوج ، سی آر پی ایف اور سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر آفیسران نے سالانہ امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں اٹھائے جارہے اقدامات کا بھر پور جائزہ لیا۔
میٹنگ کے دوران آفیسران نے پولیس، سیکورٹی فورسز اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ یاترا کے دوران باہمی تال میل کو بنائے رکھیں۔
سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر تمام تر وسائل کوبروئے کار لانے کی بھی تلقین کی گئی۔انہوں نے کہاکہ پولیس ، پیرا ملٹری فورسز ، بی ایس ایف کے ساتھ ساتھ فوج کو بھی تعینات کیا جارہا ہے تاکہ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے ۔
دریں اثنا سری نگر میں یاترا روٹوں خاص کر جو شہر کے مضافاتی جن میں حبک ، زکورہ، گلاب، پاندچھ شامل ہیں وہاں پر جگہ جگہ عارضی بینکرز بنائے گئے ہیں۔ نامہ نگار نے بتایا کہ ان علاقوں میں اضافی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔