نئی دہلی/ 26 جون
لوک سبھا میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کے امیدوار اوم برلا کو 18ویں لوک سبھا کے اسپیکر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ۔
ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے مسٹر برلا کو لوک سبھا کا اسپیکر بنانے کی تجویز پیش کی جس کی بی جے پی لیڈر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حمایت کی۔ اس کے بعد اتحاد کی مختلف جماعتوں کے لیڈروں نے مسٹر برلا کواسپیکر بنانے کی تجویز کی حمایت کی۔
اپوزیشن انڈیا الائنس کی طرف سے اسپیکر کے عہدے کے لئے کانگریس لیڈر کے سریش کے نام کی تجویز پیش کی گئی جس کی مسٹرطارق انور نے حمایت کی۔
پروٹیم اسپیکر بھتری ہری مہتاب نے دونوں تجاویز کو ایوان کے سامنے رکھا اور مسٹراوم برلا کو ایوان کا اسپیکر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
بعد میں، مسٹر مودی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو مسٹر برلا کو اسپیکر کے پوڈیم تک لے گئے اور انہوں نے 18ویں لوک سبھا کی صدارت شروع کردی۔ مسٹر برلا پچھلی لوک سبھا میں بھی ایوان کے اسپیکر تھے ۔