جکارتہ//
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ہاکی ہیرو ایشیا کپ کے پول اے میچ میں ہندوستان نے انڈونیشیا کو 16-0 سے شکست فاش دی۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان پول اے میں پاکستان سے آگے جاپان کے ساتھ آخری چار میں پہنچ گیا ہے۔
پہلے میچ میں ڈرا اور دوسرے میں شکست کے بعد ہندوستان کو آخری چار میں پہنچنے کے لیے انڈونیشیا کو کم از کم 16 گول کے فرق سے ہرانا ضروری تھا اوردیپسن ٹرکی نے چوتھے کوارٹر کے 14 ویں منٹ میں 16 واں گول کرکے ہندوستان کے آخری چارمیں داخل ہونے پر مہر لگائی۔
جی بی کے ایرینا میں جمعرات کو ہونے والے میچ میں ہندوستان انڈونیشیا پرپوری طرح حاوی رہا۔ اس میچ میں ہندوستان نے 36 مرتبہ گول پرنشانہ لگایا جبکہ انڈونیشیا کی ٹیم صرف ایک بارہی ہندوستان کے گول تک پہنچ سکی۔
ہندوستان کو پورے میچ میں 21 پنالٹی کارنر ملے، جس میں سے آٹھ میں ہندوستان کو کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ انڈونیشیا کو ایک بھی پنالٹی کارنر نہیں ملا۔
ہندوستان کی جانب سے ٹرکی اور پون راج بھر نے پانچ پانچ گول کئے جبکہ کارتی سیلوم، ابھرن سودیو اور ایس وی سنیل نے دو دو گول کئے۔