سرینگر//
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے بہوری کدل علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں مسجد شریف‘۶شاپنگ کمپلیکس اور دس رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران ۸فائر مین زخمی ہوئے جنہیں نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے دو کو نازک حالت میں صدر ہسپتال سری نگر ریفر کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ ۲۴فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں کروڑوں روپیہ مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے بہوری کدل سری نگر میں پیر کی سہ پہر آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً مسجد شریف ، چھ شاپنگ کمپلیکس اور متعدد رہائشی مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے جوائنٹ ڈائریکٹر راج کمار رینا کی سربراہی میں شہر سری نگر کا پورا عملہ ۲۴فائر ٹینڈروں سمیت جائے موقع پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکاروں کو آگ بجھانے کے دوران کافی دقتوں کا سامنا کرناپڑ کیونکہ علاقہ کافی گنجان ہے اور شدید آتشزدگی کی وجہ سے بیک وقت کئی ڈھانچوں سے آگ کے شعلے بلند ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی مسجد شریف کی اوپری منزل سے آگ نمودار ہوئی تو متعدد گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے اور آگ نے اپنے متصل شاپنگ کمپلیکس اور رہائشی مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کی اس واردات میں مسجد شریف ، چھ شاپنگ کمپلیکس اور دس رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بہوری کدل میں بھیانک آتشزدگی کی وجہ سے مسجد شریف اورچھ شاپنگ کمپلیکس اور دس ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران آٹھ فائر مین زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر غوثیہ ہسپتال خانیار منتقل کیا گیا جہاں سے دو کو صدر ہسپتال سری نگر ریفر کیا گیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں پوری بستی خاکستر ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کم از کم۱۵گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے جس وجہ سے آگ نے بازار مسجد کی بستی کو پوری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور چند منٹوں کے اندر اندر ہی زائد از ایک درجن رہائشی مکان خاکستر ہوئے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے جوائنٹ ڈائریکٹر راج کمار رینا نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بہوری کدل آتشزدگی میں بہت سارے تجارتی اور رہائشی ڈھانچے خاکستر ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکاروں نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر متعدد رہائشی مکانوں اور تجارتی مراکز کو خاکستر ہونے سے بچایا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق آگ کی اس واردات میں مسجد شریف ، چھ کمرشل عمارتیں اور آٹھ کے قریب رہائشی مکانوں کو نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نقصان میں اضافہ ہونے کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا ۔
جوائنٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ۲۴فائر ٹینڈر رات آٹھ بجکر۳۰منٹ پر بھی آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف تھے ۔انہوں نے کہاکہ چونکہ اندھیرا چھا گیا جس وجہ سے نقصان کے بارے میں وثوق کے ساتھ کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم یہ بھیانک آتشزدگی کا واقع تھا اور اس میں متعدد کمرشل اور رہائشی ڈھانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
یہ رپورٹ فائل کرنے تک ۲۴فائر ٹینڈر آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف تھے ۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ۲۶نومبر ۲۰۲۳کو بھی تاریخی بازار مسجد میں آگ بھڑک اٹھنے کی وجہ سے مسجد شریف کی اوپری منزل کو نقصان پہنچا تھا۔