سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں مواقع کے ایک دور کا آغاز ہواہے ۔
سنہا نے آج کشمیر ہیرٹیج گورنمنٹ آرٹس ایمپوریم سری نگر میں جموں و کشمیر ٹریڈ شو۲۰۲۴ ء کا اِفتتاح کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں کاریگروں، بنُکروں، کاشتکاروں اوربزنس اَنٹرپرینیوروں کا خیرمقدم کیا۔ اُنہوں نے دستکاری، ہینڈلوم، زراعت اور باغبانی کے متنوع شعبوں کو فروغ دینے کے لئے محکمہ صنعت وحرفت اور جموں و کشمیر ٹریڈ اینڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) کی کوششوں کی ستائش کی۔
سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر ٹریڈ شو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جموںوکشمیر یوٹی نے مواقع کے دور کا آغاز کیا ہے۔ یہ یوٹی ایک متحرک کاروبار اور تجارتی ماحولیاتی نظام بنانے اور عالمی مارکیٹ میں جموں و کشمیر کے منفرد ثقافتی اور فنکارانہ ورثے کو ایک نئی شناخت فراہم کرنے کیلئے ہمارے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں زراعت، ہینڈلوم اور دستکاری کے شعبوں میں اِصلاحات لانے کے لئے یو ٹی اِنتظامیہ کے اہم اقدامات پر روشنی ڈالی۔
ایل جی نے کہاکہ ہم دیرپا ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو یقینی بنانے کے لئے خطے کی ثقافت، ورثے، زرعی عمدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں بنا رہے ہیں اور ان کو عملا رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ وَن ڈِسٹرکٹ وَن پروڈکٹ اِقتصادی مواقع کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔
سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں اِنتظامیہ عالمی پلیٹ فارم پر برانڈ جموںو کشمیر کو فروغ دینے میں کامیاب رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنرنے مزید کہا ’’اِصلاحات، کارکردگی اور تبدیلی‘‘ کے ہمارے منتر نے کاریگروں، بُنکروں، کسانوں، کاروباریوں اور دیگر شراکت داروں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائی ہے‘‘۔
ایل جی نے وزیر اعظم کے حالیہ دورہ جموں و کشمیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے بین الاقوامی یوگا ڈے اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانا، جموں و کشمیر میں تبدیلی جیسے پروگراموں کی قیادت کی ہے جس سے جموں و کشمیر کی ترقی کے سفر کو ایک نئی رفتاردی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے صنعتوں، دستکاری، ہینڈلوم، زراعت اور متعلقہ شعبوں، فوڈ پروسسنگ اور زراعت پر مبنی صنعت جیسے شعبوں میں ترقی کے مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے دستکاروں، بُنکروں، خریداروں، پروڈیوسروں اور کاروباریوں پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں اَپنا حصہ اَدا کریں۔
اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر اور دیگر علاقوں کے کاریگروں، بُنکروں، کاشتکاروں اور کاروباریوں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا دورہ کیاجس میں ہندوستان اور بیرون ملک کے خریداروں کے سامنے اَپنی مصنوعات کی نمائش کی گئی ۔
اِس موقعہ پرچیف سیکرٹری اَتل ڈولو ،آئی جی پی کشمیر ودھی کمار بردی، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ وِکرم جیت سنگھ، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے بدھوری، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی پی او خالد جہانگیر، سینئر افسران، صنعت کار، خریدار، قومی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان بھی موجود تھے۔