سرینگر//
وادی کشمیر میں جمعے کے روز اوپری پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے ۔ پیر کی گلی ، رازدان ٹاپ اور زوجیلا پر تازہ برف و باراں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے سربراہ نے کہاکہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہے ۔
اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق جمعے کی صبح سے وادی کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس وجہ سے موسم خوشگوار ہوا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ وادی کے اوپری پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے ۔ پیر کی گلی ، رازدان ٹاپ اور زوجیلا میں تازہ برف باری کی وجہ سے سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔
سری نگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں جمعے کی صبح سے ہی رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
محکمہ موسمیات کے سربراہ مختار احمد نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سنیچر کے روز بعض مقامات کو چھوڑ کر وادی کشمیر میں مجموعی طورپر موسم خشک رہے گا۔انہوں نے کہاکہ پیر کی گلی میں چار انچ کے قریب تازہ برف باری ہوئی ہے ۔
احمد نے کہا’’وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے ‘‘۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات لداخ سینٹر کے سربراہ سونم لوٹس نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ زوجیلا کے پہاڑوں پر بھی تازہ برف باری ہوئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ لداخ کے بعض علاقوں میں بھی جمعے کے روز بارشیں ہوئی ۔ ان کے مطابق سنیچر سے موسم مجموعی طورپر خشک رہنے کا امکان ہے ۔
اس دوران موسمیات محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں۲۱جون کو بیشتر مقامات پر رک رک کر ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۲۲؍اور۲۳جون کو بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں۲۴ سے۲۸جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں۲۲جون سے گرمی کی لہر ایک بار پھر تیز ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرینگر میں۷ء۵ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں ۲ء۴ملی میٹر اور کپوارہ میں۰ء۴ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب۴ء۱ملی میٹر اور۴ء۴ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
وادی میں ناساز موسمی حالات کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں کہیں اضافہ تو کہیں گراوٹ درج ہوئی ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۱۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۷ء۱۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۰ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۷ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۱۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۶ء۱۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۱۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۶ء۱۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔