نئی دہلی//
ہندوستانی ریلوے نے آج جموں و کشمیر کی وادی کشمیر کو باقی ہندوستان کے ساتھ ریل لنک کے ذریعے جوڑنے میں ایک اہم سنگ میل حاصل کیا اور سنگلدان سے ریاسی تک تقریباً۴۶کلومیٹر کے راستے پر میمو ٹرین کا پہلی بار کامیاب تجربہ کیا جس میں دنیا کا سب سے اونچا چناب ریلوے پُل شامل ہے ۔
جموںکشمیر کو ایک متبادل اور قابل اعتماد نقل و حمل کا نظام فراہم کرنے کے مقصد کے تحت مرکزی حکومت کے ذریعہ زیرتعمیر۲۷۲کلومیٹر کی ادھم پور،سرینگر،بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ (یو ایس بی آر ایل) کے تحت ادھم پور سے بارہمولہ تک وادی کشمیر کو ہندوستانی ریلوے نیٹ ورک کے ساتھ جوڑنے والی ایک لمبی ریلوے لائن کا صرف۱۷کلومیٹر کا حصہ باقی رہ گیا ہے ۔
اس اہم پروجیکٹ میں، بانہال سے سنگلدان تک تقریباً ۴۸کلومیٹر کے ایک حصے کو اس سال فروری میں کھولا گیا تھا۔
ریلوے بورڈ کے سینئر حکام کی طرف سے چناب پل کے وسیع معائنہ کے بعد، شمالی ریلوے اور کونکن ریلوے نے آج آٹھ بوگیوں والی میموٹرین کا کامیاب مشاہدہ کیا۔میمو ٹرین رامبن ضلع میں سنگلدان اور ریاسی کے درمیان۴۶کلومیٹر برقی لائن سیکشن پر۴۰کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گزری۔
ٹرین سنگلدان سے۳۵:۱۲بجے شروع ہوئی اور۰۵ء۱۴بجے کامیابی کے ساتھ ریاسی اسٹیشن پہنچی۔ راستے میں یہ نو سرنگوں سے گزری جن کی کل لمبائی۷۸۷ء۴۰کلومیٹر ہے اور سب سے لمبی سرنگ ٹی۴۴تقریباً۱۳ء۱۱کلومیٹر ہے ۔
دریائے چناب پر دُگہ اور بکّل اسٹیشنوں کے درمیان دنیا کے سب سے اونچے آرچ ریل پُل کو عبور کرنے والی یہ پہلی ٹرین ہے ۔ اس ریلوے سیکشن میں، ریاسی، بکل، دگّا اور ساولکوٹے اسٹیشن ریاسی ضلع میں واقع ہیں۔
اس کے ساتھ اب ریاسی اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا اسٹیشن کے درمیان تقریباً۱۷کلومیٹر کا فاصلہ رہ گیا ہے ، جس میں ایک سرنگ کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔ یہ کام بھی تقریباً ایک ماہ میں مکمل ہونے کی امید ہے ۔
اس سے پہلے بھی، یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ کے۱ء۴۸کلومیٹر طویل بانہال،سنگلدان سیکشن کا افتتاح اس سال۲۰فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔
یہ پروجیکٹ آزادی کے بعد ہندوستانی ریلوے کا سب سے چیلنجنگ ریل پروجیکٹ ہے ۔وادی کشمیر کو بغیر کسی رکاوٹ اور پریشانی سے پاک رابطہ فراہم کرنے میں یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ کی اہمیت کے پیش نظر، اسے سال ۲۰۰۲میں ایک’قومی پروجیکٹ‘قرار دیا گیا تھا۔
پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح اکتوبر ۲۰۰۹ میں کیا گیا تھا، جس میں ۱۱۸ کلومیٹر طویل قاضی گنڈ،بارہمولہ سیکشن کا احاطہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد کے مراحل میں جون۲۰۱۳ میں۱۸ کلومیٹر طویل بانیہال،قاضی گنڈ سیکشن اور جولائی۲۰۱۴ میں۲۵کلومیٹر لمبے اودھم پور،کٹرا سیکشن کا افتتاح کیا گیا۔
جموں کشمیر کے علاقے میں دریائے چناب سے۳۵۹ میٹر (تقریباً۱۰۹ فٹ) اوپر تعمیر کیا گیا چناب ریل پل ایفل ٹاور سے تقریباً۳۵ میٹر اونچا ہے۔
۱۳۱۵میٹر لمبا یہ پل ایک وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد وادی کشمیر کو انڈین ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے قابل رسائی بنانا ہے۔
اودھم پور،سرینگر،بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ اس سال کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔ (ایجنسیاں)