سرینگر//
متحدہ مجلس علما جس میں جموں و کشمیر کے تمام مذہبی،ملی اور تعلیمی اداروں کے سربراہان اور ذمہ داران میر واعظ کشمیر ڈاکٹرمولوی محمد عمر فاروق کی قیادت میں شامل ہیں نے گزشتہ دنوں ڈل جھیل میں شکارا پر باہر کے ایک گروپ کے کھلے عام شراب نوشی کیخلاف مجلس علما کے شدید ردعمل کے نتیجے میں انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے اس واقعہ کا نوٹس لینے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سنگین واقعہ کیخلاف اگرچہ مجلس علما کے شدید احتجاج اور مجلس کے وفد کا مقامی ذرائع ابلاغ کے ساتھ ساتھ شکارا، ہاؤس بوٹ یونین اور ہوٹل والوں سے رابطے کے بعد اس طرح کے واقعات کے انسداد پر مجلس کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔
مجلس علما کشمیری سماج میں آئے روز بڑھتے ہوئے سماجی برائیوں ،منشیات ، بے راہ روی ، خودکشی کے بڑھتے واقعات ، گھریلو تشدد اور دیگر عوامل پر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے عید الاضحی کے بعد ایک ریاست گیر اجلاس طلب کر رہی ہے جس میں تمام دینی ،مذہبی، سماجی،ملی، فلاحی، تعلیمی اداروں کے سربراہوں اور سول سوسائٹی کے ذمہ داروں اور دانشوروں کی شرکت متوقع ہے ۔