جموں//
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج آنند جین نے بدھ کے روز کہاکہ کٹھوعہ کے ہیرا نگر علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے ۔
جین نے کہاکہ علاقے میں مزید ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کیا گیا ہے ۔
کٹھوعہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے بتایا کہ سیدا سکھل گاوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے ہیں۔
جین نے بتایا کہ منگل کی شام کٹھوعہ کے سیدا سکھل گاوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم شروع ہوا جس دوران ایک سی آر پی ایف جوان گولیاں لگنے سے زخمی ہوا اور بعد ازاں ہسپتال میں وہ جانبر نہ ہو سکا۔
اے ڈی جی پی نے کہاکہ ابتدائی فائرنگ میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی پاس کے جنگل کی طرف بھاگ گیا تاہم سیکورٹی فورسز نے رات بھر اس علاقے میں تلاشی آپریشن جاری رکھا اور بدھ کی صبح ایک مختصر تصادم کے دوران مفرور ملی ٹینٹ کو بھی مار گرایا گیا۔
جین نے کہاکہہلاک شدگان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
اے ڈی جی پی نے بتایا کہ مذکورہ گروپ حالیہ دنوں میں ہی دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہوا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں مزید ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر کئی علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن لانچ کیا گیا ہے ۔
آنند جین نے کہا کہ جاں بحق ملی ٹینٹوں کے قبضے سے امرکی ساخت کی رائفل بھی برآمد کرکے ضبط کی گئی ہے ۔