جموں//
بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی)کے جموںکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے ایک دفعہ پھر بی جے پی کو سپورٹ فراہم کیا جس کے لئے ہم ان کے بے حد مشکور ہیں۔
رینا نے محبوس لیڈر انجینئر رشید کی جیت پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔
جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران رینا نے کہاکہ پچھلے دس سالوں سے مودی جی نے تعمیر و ترقی کے کام کئے ، امن و شانتی اور بھائی چارے کو مضبوط کیا، سب کا ساتھ ، سب کا وس اور سب کا وشواس اس مشن کے ساتھ مودی جی نے کام کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ جموں وکشمیر میں زبردست ووٹنگ ہوئی اور ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ۔
رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر میں کل ملا کر۵۸فیصد ووٹنگ ہوئی، وادی کشمیر میں بھی لوگوں نے جمہوری نظام میں حصہ لیا جس کیلئے ہم کشمیر کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہاکہ پر امن اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانے کی خاطر الیکشن کمیشن آف انڈیا اور سیکورٹی ایجنسیوں نے دن رات کام کیا ۔انہوں نے کہاکہ ایک زمانہ تھا جب کشمیر میں گاڑیوں کی جگہ جگہ تلاشی لی جاتی اور مسافروں کو نیچے اتا ر کر ان کی شناختی پریڈکرائی جاتی لیکن اب حالات بدل چکے ہیں۔
رینا نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے بہت مشکل دور دیکھا ہے لیکن مودی جی کی قیادت میں حکومت نے یہاں پر امن و امان کی فضا قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہا’’ایک زمانہ تھا جب وادی کشمیر میں ہڑتالوں کے کلینڈر نکلتے تھے ، بارہ مہینوں میں سے دس مہینے بند کی کال دی جاتی ، اسکول اور کالج اکثر مقفل ہوا کرتے تھے لیکن موجودہ دور میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے ُ‘‘۔
رینا نے کہاکہ ایک زمانہ تھا جب کشمیر میں پتھر بازی ، بم بندوق،پستول اور گرینیڈوں کا شو ر ہوتا تھا لیکن آج یہاں امن و امان ، شانتی اور بھائی چارہ ہے ۔