تحریر:ہارون رشید شاہ
تو صاحب عمران ملک کی بھارتی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے کیا معنی ہیں…؟اس سے کیا ثابت ہو تا ہے اور… اور کیا نہیں ۔ یقین کیجئے اس کا جواب انتہائی آسان اور سہل ہے …اور جواب یہ ہے کہ اگر آپ میں ہنر ہے‘ اگر آپ میں صلاحیت ہے ‘ قابلیت ہے‘ کچھ کر دکھانے کی لگن ہے‘ چاہ ہے تو… تو صاحب کامیابی اور آپ میں کوئی حائل نہیں ہو سکتا ہے…پھر اس بات کے کوئی معنی نہیں رہتے ہیں کہ آپ کا مذہب کیا ہے‘ آپ کی زبان کیا ہے‘ آپ کی رنگت کیسی ہے ‘ آپ کی ریاست کون سی ہے … اس کے کوئی معنی نہیں رہتے ہیں… اور عمران ملک کی بھارتی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے یہی معنی ہیں… عمران ملک‘ ملکِ جموں کشمیر کیلئے راتوں رات ایک آیئکن بن گئے ہیں… یہ ایک مثال بن گئے ہیں ‘ ان نوجوانوں کیلئے بن گئے ہیں جو’نا ممکن کچھ بھی نہیں ہے‘ میں یقین رکھتے ہیں … جو کچھ کرنا چاہتے ہیں… اور یقین کیجئے جو کوئی کچھ کرنا چاہتا ہو تو… تو وہ کچھ بھی کر سکتا ہے… اور جو کوئی یوں ہی ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھنا چاہتا ہے… اس کیلئے زمین تنگ ہو جاتی ہے… اس کیلئے راستے بند ہو جاتے ہیں ۔یقینا عمران ملک جہاںپہنچ گئے ہیں اور… اور ابھی تو یہ شروعات ہی ہے‘ یہاں تک پہنچنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہے… لیکن… لیکن ان کی اس اڑان سے ایک حوصلہ تو مل ہی جاتا ہے… ایک پیغام مل ہی جاتا ہے… یہ حوصلہ اور … اور یہ پیغام کہ … کہ نا ممکن کچھ بھی نہیں … شرط یہ ہے کہ آپ میں کچھ کر گزر نے کی لگن ہو ۔یہ پیغام خاص کر ملک کشمیر کے نوجوانوں کیلئے بھی ہے ‘ جو ادھر اُدھر بھٹک جاتے ہیں… اور غلط راستہ اختیار کرتے ہیں… ایسا راستہ جس کی منزل تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں ہے… اور بالکل بھی نہیں ہے۔کشمیر میں نہ جانے کتنے عمران ملک ہیں… کشمیر میں نہ جانے کتنے عمران ملک پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے… اگر دیر ہے ‘ اگر کسی بات کی دیر ہے تو… تو صرف اس ایک بات کی کہ … کہ کشمیر کا نوجوان اپنی صلاحیتوں کو ایک درست سمت میں بروئے کار لائے اور… اوراگر اس نے ایسا کیا تو… تو کامیابی اور اس میں کوئی حائل نہیں ہو گا… کوئی حائل نہیں ہو سکتا ہے… اس کا کشمیری ہونا تو بالکل بھی نہیں ۔ ہے نا؟