بھئی کوئی کچھ بھی کہے لیکن…لیکن ہمارے لئے تو بھیا یہ’ انڈا پہلے آیا یا مرغی ‘والا معاملہ … سمجھ نہیں پا رہے ہیں… ہم یہ سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ یا میڈیا لوگوں کو وہ پڑھنے کو دے رہا ہے جو وہ چاہتے ہیں ‘ یا لوگ وہ پڑھتے ہیں جو انہیں میڈیا دیتا ہے ۔ اللہ میاں کی قسم ہم اس بات کا فیصلہ نہیں کرپا رہے ہیں ۔ ہم آج اپنی بات نہیں کریں گے ‘ کشمیر کے میڈیا کی بات نہیں کریں گے کہ کشمیر کے میڈیاپر بات کرکے ہم خواہ مخواہ اپنے … اپنے ہم پیشہ حضرات کو ناراض نہیں کرنا چاہتے ہیں … اس لئے ہم ملک کشمیر کے میڈیا کی بات نہیں کریں گے‘ ہم بھارت دیش کے میڈیا ‘کا بھی یہاں ذکر نہیں چھیڑیں گے… بالکل بھی نہیں چھیڑیں گے ۔ ہم بات خدا داد مملکت پاکستان کی کریں گے ‘ اس پاکستان کے جس کے انگنت مسائل ہیں ‘ بے شمار مسائل ‘ بے روز گاری کے مسائل ‘ غربت اور افلاس کے مسائل ‘ رشوت اور بدعنوانیوں کے مسائل ‘ بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی کے مسائل ‘ روٹی ‘کپڑا‘ بجلی ‘ پانی ‘ سڑک کے مسائل ‘پولیو کے بڑھتے کیسوں کے مسائل… وغیرہ وغیرہ … اگر ‘ اگر میڈیا ایک معاشرے کا عکس ہوتا ہے … اگر میڈیا میں وہی کچھ پڑھنے ‘ سننے اور دیکھنے کو ملتا ہے جس سے اس معاشرے اور اس کے مسائل کی عکاسی ہو تی ہو تو… تو بھیا پھر پاکستانی خوش قسمت ہیں کہ انہیں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے کہ… کہ اس ملک کے میڈیا میں جو کچھ بھی چھپ اور نشر کیا جاتا ہے ‘ اس سے تو بھیا یہی تاثر ملتا ہے کہ… شہباز شریف کے ہاتھ سچ میں الہ دین کا کوئی چراغ لگ گیا ہے جو… جو اس ملک کے سارے مسائل حل ہو گئے ہیں… کہ … کہ اس ملک کا میڈیا … یا بیشتر میڈیاسے تو یہی تاثر ملتا ہے ۔ پاکستانی نیوز پورٹلوں پر سرسری نظر ڈالیں تو … تو صاحب وہاں دو ر دور اور بہت دور تک بھی ہمیں پاکستان کو درپیش مسائل کا ذکر نہیں تھا… بالکل بھی نہیں تھا ۔کشمیر … خبریں ہمارے کشمیر کے بارے میں ہو تی ہیں‘ بالی ووڈ کے بارے میں ہوتی ہے کہ بالی ووڈ میں اگر کوئی مرغی انڈا بھی دے تو وہ خبر بھی جلی حروف میں قارئین تک پہنچائی جاتی ہے…ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے… لیکن… لیکن ہمارا مسئلہ ہے تو…تو جھوٹ سے ہے… جھوٹی خبروں سے ہے‘ کشمیر کے بارے جھوٹی خبروں سے ہے کہ جب سارا کشمیر پہلگام میں دہشت گردوں کے ہاتھوں میں سیاحوں کی ہلاکتوں پر سوگ منا رہا تھا ‘ کشمیر میں مکمل ہڑتال تھی … پاکستانی نیوز پورٹلوں میں یہ جھوٹ پھیلایا جارہا تھا کہ … کہ حریت کی کال ’متنازعہ وقف ترمیمی قانون اورڈومیسائل دینے کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے‘‘۔ کہ شرم تم کو مگر نہیں آتی ۔ ہے نا؟