نئی دہلی/یکم مئی
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج دہشت گردوں کو متنبہ کیا کہ ہندوستان جموں و کشمیر کے پہلگام میں 26 شہریوں کے قتل کےلئے "ان میں سے ہر ایک کا شکار کرے گا”۔
آج دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے دہشت گردانہ حملے پر اپنے پہلے عوامی تبصرہ میں کہا کہ دہشت گردوں کےلئے بدترین صورتحال ابھی باقی ہے۔
شاہ نے کہا”پہلگام میں جس نے بھی بزدلانہ دہشت گردانہ حملہ کیا، اسے بخشا نہیں جائے گا۔ ہم پہلگام دہشت گردانہ حملے کے ہر مجرم کا سراغ لگائیں گے۔ یہ مت سوچو کہ آپ 26 لوگوں کو مار کر جیت گئے ہیں“۔
آسام کی بوڈو برادری کے رہنما اوپیندر ناتھ برہما کے مجسمے کی نقاب کشائی اور ان کے نام پر ایک سڑک کا نام رکھنے کی تقریب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ میں سے ہر ایک کو جوابدہ بنایا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا”ہر ایک شخص کو چن چن کے جواب بھی ملے گا، جواب بھی دیا جائے گا…. یہ نریندر مودی کی حکومت ہے۔ کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔ ملک کے ایک ایک انچ سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہمارا عزم ہے اور اسے پورا کیا جائے گا“۔
شاہ نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ ، چیف منسٹر ریکھا گپتا اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کی یاد میں ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی۔
آسام کے وزیر اعلی ہیمنتا بسوا شرما اور بوڈولینڈ علاقائی کونسل کے چیف ایگزیکٹو ممبر پرمود بورو نے بھی دہلی تقریب میں شرکت کی۔