جنگ کوئی نہیں چاہتا ہے… کوئی کبھی جنگ نہیں چاہے گا… اس لئے نہیں چاہے گا کیونکہ جنگ اپنے ساتھ ایک ایسی تباہی لاتی ہے جس کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا ہے… پھر معصوم کیا اور گناہ گار کیا‘ جنگ ان دونوں میں کوئی تمیز نہیں کرتی ہے… بالکل بھی نہیں کرتی ہے اور… اور یہ بھی سچ ہے کہ جنگ شروع کرنی تو آسان ہے ‘ لیکن اسے ختم کرنا مشکل ہے… اور ہاں یہ بھی سچ ہے کہ جنگ شروع کرنا آپ کے ہاتھ میں ‘ اسے ختم کرنا بھی آپ کے ہاتھ میں ہو‘ یہ ضروری نہیں… بالکل بھی نہیں ۔جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں … سبھی جنگ کی باتیں کررہے ہیں اور… اور اس لئے کررہے ہیں کیونکہ پہلگام میں ایسا کچھ ہوا ہی ہے کہ لوگوں… ملک کے لوگوں کی ایک اچھی خاصی تعداد کو لگتا ہے کہ جنگ کئے بغیر اب دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے… ہم نہیں جانتے ہیں … بالکل بھی نہیں جانتے ہیں کہ قیادت… ملک کی قیادت جن آپشنوں پر غور کررہی ‘ کیا ان میں جنگ بھی ایک آپشن ہے‘ ہم نہیں جانتے ہیں… لیکن ایک بات جو ہم جانتے ہیں وہ یہ ہے کہ مجرموں کو سزا ملے گی اور… اور انہیں سزا ملنی بھی چاہئے …اور مجرموں کی صف میں صرف وہ نہیں ہیں جنہوں نے پہلگام میں گولیاں چلائیں… نہتے اور معصوموں پر گولیاں چلائیں… اس صف میں وہ بھی شامل ہیں اور ہو نے چاہئیں جنہوں نے اس قتل عام کی منصوبہ بندی کی… جنہوں نے معصوموں کو قتل کرنے میں میں ذرابھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا… بالکل بھی نہیں کیا… جو اس کے سہولت کار بن گئے… سبھی کو سزا ملنی چاہئے ‘ کسی کو بخشا نہیں جانا چاہیے … ان کو تو بالکل بھی نہیں جو دہشت گردی کو اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کا ایک آلہ بنا نے میں یقین رکھتے ہیں … ان سب کو سزا ملنی چاہئے اورہمیں یقین ہے کہ ان سب کو سزا مل جائیگی … اور اس لئے مل جائیگی تاکہ پہلگام میں کشمیریوں پر جو دھبہ اور داغ لگ گیا وہ دو بارہ نہ لگ جائے … تاکہ کشمیری امن ‘سکون اور چین کی زندگی گزار سکیں ‘ تاکہ یہاں لوگ آئیں …سیاح آئیں … اور زندگی کے بہترین پل اور لمحات گزار کریہاں سے حسین یادوں کے ہمراہ واپس لوٹیں… محفوظ لوٹیں اور… اور یہ سب کچھ یقینی بنانے کیلئے جو کچھ بھی کیا جاناچاہیے وہ ہونا چاہیے … سو فیصد ہونا چاہئے ۔لیکن… لیکن جنگ نہیں ‘بالکل بھی نہیں۔ ہے نا؟