سرینگر//
لوک سبھا اِنتخابات کے لئے ووٹوں کی گنتی سے ایک دن قبل سری نگر پارلیمانی حلقہ کے تمام۱۸ اَسمبلی حلقوں کے لئے کائونٹنگ اوبزروروں نے سوموار کو ایس کے آئی سی سی سی میں نامزد کائونٹنگ سینٹروں پر ووٹوں کی گنتی کے لئے کی گئی تیاریوں اور اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ریٹرننگ آفیسر(آر او) سری نگر پارلیمانی حلقہ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے کائونٹنگ اوبزروروں کو ایس کے آئی سی سی سی سری نگر میں نامزد کائونٹنگ ہالوں میں آسان اور بغیر پریشانی کائونٹنگ کے عمل کے لئے کے گئے اِنتظامات آر او سٹاف، اے آر او سٹاف، کاؤنٹنگ سٹاف، مائیکرو اوبزز، کاؤنٹنگ ایجنٹوں اور میڈیا پرسنوں کا داخلہ، اِی وِی ایم کی ٹرانسپورٹیشن اور ہینڈلنگ، میڈیا سینٹر، کنٹرول روم، میڈیا گیلری کا قیام، پبلک ایڈریس سسٹم کی تنصیب، شناختی کارڈ کا اجرأ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
ریٹرننگ آفیسر نے بتایا کہ ایس کے آئی سی سی میں ۱۲کائونٹنگ ہال اور سینتور کمپلیکس میں۶کائونٹنگ ہال قائم کئے گئے ہیں جن میں سے ہر ہال میں ۸کائونٹنگ ٹیبل ہیں۔ ووٹوں کی گنتی صبح۸ بجے پوسٹل بیلٹ سے شروع ہوگی۔ اِس کے بعد اِی وِی ایم میں ووٹوں کی گنتی الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی ہدایات کے مطابق صبح ساڈھے آٹھ بجے شروع ہوگی۔اِسی طرح اُنہوں نے گاڑیوں کی پارکنگ ، بیر یکیڈنگ اور پارکنگ مینجمنٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس سری نگر آشیش مشراجو میٹنگ میں موجود تھے، نے کائونٹنگ اوبزروروں کو کائونٹنگ ہالوں کے مقام اور اِس کے آس پاس کئے گئے سیکورٹی سے متعلق اِنتظامات کے بارے میں بھی بتایا۔ اُنہوں نے اوبزروروں کو بیریکیڈنگ اور پارکنگ مینجمنٹ، سیکورٹی رسائی اور سیکورٹی پاسز کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
اِس موقعہ پر کائونٹنگ اوبزرروں نے حلقے میں گنتی کے عمل کو خوش اَسلوبی سے اَنجام دینے کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ کے اِنتظامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
اُنہوں نے گنتی کے عمل کے دوران الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کے طے شدہ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے پر بھی زور دیا تاکہ آزادانہ ، منصفانہ اور بغیر کسی پریشانی کے گنتی کا عمل کو اَنجام دیا جاسکے۔
واضح رہے کہ لوک سبھا کی سری نگر پارلیمانی نشست کے لئے ووٹوں کی گنتی ۴؍جون۲۰۲۴ ء کو ایس کے آئی سی سی، سنتورکے نامزد کائونٹنگ ہالوں میں ہوگی۔
میٹنگ میں سری نگر لوک سبھا نشست کے تمام ۱۸؍ اسمبلی حلقوں کے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ، مختلف نوڈل افسران ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرسری نگر اور دیگر متعلقین موجود تھے۔
بعد میں ریٹرننگ آفیسر نے نامزد کاؤنٹنگ اوبزروروں کے ہمراہ ایس کے آئی سی سی سی سنتور کا دورہ کیا اور سری نگر پارلیمانی حلقہ کے ہر اسمبلی حلقے کے لئے مقرر کردہ تمام کائونٹنگ ہالوں میں اِنتظامات کا جائزہ لیا۔