سرینگر//
جموں کشمیر کے دارلخلافہ سرینگر کے صورہ علاقے میں مشتبہ جنگجووں نے پولیس اہلکار پر اندھا دھند فائرنگ کی جس دوران اُس کی بیٹی بھی زخمی ہوئی، گر چہ دونوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے پولیس اہلکار کو مردہ قرار دیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ منگل کی سہ پہر کو ملی ٹینٹوں نے آنچار صورہ سرینگر میں پولیس اہلکار سیف ا للہ قادری ولد محمد سعید قادری ساکن ملک صاحب پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔
ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں پولیس اہلکار کی بیٹی بھی زخمی ہوئی ہے اور دونوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے پولیس اہلکار کو مردہ قرار دیا۔
دریں اثنا ہسپتال ذرائع سے معلوم ہو اہے کہ پولیس اہلکار کی برسر موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی کیونکہ اُس کے جسم کے نازک حصوں میں گولیاں لگی تھیں۔
واقعہ کے حوالے سے پولیس کے ایک ترجمان نے آج شام جاری ایک بیان میں کہا’’ آج تقریباً پانچ بجے پولیس کو سرینگر کے صورہ ا علاقے میں دہشت گردی کے ایک واقعہ کی اطلاع ملی جہاں دہشت گردوں نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کی۔ پولیس کے اعلیٰ افسران کمک کے ساتھ دہشت گردی کے مقام پر پہنچ گئے‘‘۔
بیان میں مزید کہا گیا ’’جائے وقوعہ پر موجود افسران کو معلوم ہوا کہ دہشت گردوں نے ایک پولیس اہلکار پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کا نام ایس جی سی ٹی سیف اللہ قادری ولد محمد سید قادری ساکن گنائی محلہ انچار ہے۔ دہشت گردی کے اس واقعے میں، اسے اور اس کی ۹ سالہ بیٹی کو گولی لگنے سے شدید چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاکہ ان کے زخموں کا علاج کیا جا سکے۔ تاہم سیف اللہ قادری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔اس کی بیٹی کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے‘‘۔
پولیس نے متعلقہ قانون کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ افسران دہشت گردی کے جرائم کے مکمل حالات کا تعین کرنے کیلئے کام جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ کمک کی مدد سے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور علاقے میں تلاشی جاری ہے۔
شہید سارجنٹ سیف اللہ قادری کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز سرینگر میں پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس دوران جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر ‘ منوج سنہا نے پولیس اہلکار کی ہلاکت کی مذمت کی ہے ۔
سنہا نے آج شام ایک ٹویٹ میں کہا ’’میں سری نگر کے صورہ میں بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ اس گھناؤنے حملے کے ملوثین کو سزا دی جائے گی۔ میں شہید پولیس اہلکار سارجنٹ سیف اللہ قادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔ قوم کیلئے ان کی خدمات اور عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘