سرینگر//
جموںکشمیر کے شمالی ضلع بارہ مولہ کے رفیع آباد علاقے میں منگل کی شام سومو اور موٹر سائیکل کے درمیان زور دا رٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی از جان ہوئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹریک پورہ رفیع آباد بارہ مولہ میں منگل کی شام موٹر سائیکل اور سومو کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس وجہ سے تین افراد خون میں لت پت ہوئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے دو افراد کو مردہ قرار دیا۔
ہلاک شدگان کی شناخت اعجاز احمد خان ولد منظور احمد خان ساکن خانموہ رفیع آباد اور دانش نبی شیخ ولد غلام نبی شیخ ساکن پتوسہ رفیع آباد کے بطور ہوئی ہے ۔
حادثے میں زخمی ہوئے نوجوان کی پہچان عادل احمد بٹ ولد غلام احمد بٹ کے بطور کی گئی ہے ۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
اس دوران جنوبی کشمیر کے سنگم علاقے میں منگل کے روز موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں۲۳سالہ نوجوان برسر موقع ہی از جان ہوا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل جو کہ یاسر احمد ڈار ولد منظور احمد ڈار ساکن نائنہ بٹہ پورہ پلوامہ چلا رہا تھا تلہ کھن کراسنگ کے نزدیک بائیک پر قابو نہ رکھ سکا اور پہلے ڈیوڈر کے ساتھ جاٹکرا جس کے بعد اُس کی ٹکر ٹویرا گاڑی کے ساتھ ہوئی۔
حادثے میں۲۳سالہ موٹر سائیکل سوار شدید طورپر زخمی ہوا‘ اگر چہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی نوجوان کو سب ضلع ہسپتال بجبہاڑہ پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔
اُن کے مطابق قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی جبکہ اس سلسلے میں پولیس نے ایک کیس بھی درج کیا۔
دریں اثنا جونہی جواں سال نوجوان کی لاش اُس کے آبائی گھر پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا اور ہر سو رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے ۔