سنت کبیر نگر//
مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی کے سابق صدر امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے ۵ مراحل میں وزیر اعظم نودی نے ۳۰۰ نشستیں حاصل کی ہیں۔
بی جے پی امیدوار پروین نشاد کی حمایت میں جونئیر ہائی اسکول خلیل آباد کے احاطے میں منعقد عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’پانچ مراحل کے الیکشن میں ہی مودی جی۳۰۰کے پار ہوچکے ہیں جبکہ اگلے دو مراحل میں یہ ہندسہ آسانی سے۴۰۰کے پار چلا جائے گا‘‘۔
شاہ نے انڈیا اتحاد کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن رام بھکتوں پر گولی چلانے والوں اور رام کو لانے والوں کے درمیان کا ہے ۔الیکشن میں اپوزیشن کا صفایا ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پانچ مراحل کے اعداد میں مودی جی ۳۰۰پار جارہے ہیں جبکہ کانگریس۴۰؍اور ایس پی چار کا ہندسہ بھی پار نہیں کر پائے گی۔
رام مندر کے سلسلے میں ایس پی اور کانگریس پر وار کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ کانگریس اور ایس پی نے رام مندر کو لٹکا کر رکھا۔’’ جب مودی وزیر اعظم بنے تو انہوں نے رام کو قائم کیا۔ انہوں نے انڈیا اتحاد کے لیڈڑوں پر جم کر نشانہ سادھا اور کہا کہ اتحاد کے لیڈر اپنے کنبے کو سیاست میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں‘‘۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کانگریس اور انڈیا اتحاد کے لو گ ایس سی/ایس ٹی کا ریزرویشن مسلمانوں کو دینا چاہتے ہیں لیکن جب تک مودی جی ہیں تب تک پچھڑوں، دلتوں کا ریزرویشن کوئی نہیں چھین سکتا۔
اس دوران وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ اب تک کے رجحانات سے یہ صاف ہوچکا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے اتحاد تیسری بار حکومت بنانے جارہا ہے ۔
چھٹے مرحلے کے انتخابی مہم کے آخری دن ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا’’ابھی تک جو جانکاریاں موصول ہورہی ہیں اس کے حساب سے آنے والے نتائج حیران کن ہونگے ۔ اس الیکشن میں مودی جی کو ۴۰۰سے زیادہ سیٹیں حکومت سازی کے لئے ملیں گی‘‘۔
ملک کی معیشت کے بارے میں انہوں نے دعوی کے ساتھ کہا کہ ہندوستان کی معیشت میں اترپردیش اپنی صنعتی پالیسیوں کی وجہ سے بڑی شراکت داری کررہا ہے ۔ سنگھ آج اعظم گڑھ ضلع کی لال گنج لوک سبھا کے اترولیا اسمبلی حلقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کررہے تھے ۔
وزیر دفاع نے اپنے خطاب کے دوران بھوجپوری انداز میں کو اپناتے ہوئے عوام کو پرجوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں میں کانگریس کا ہاتھ سب کا ساتھ چھوڑ چکا ہے ۔ سائیکل کا چین اتر چکا ہے اور ہاتھی پست ہوچکا ہے ۔ بی جے پی اترپردیش میں۸۰کی۸۰سیٹوں پر جیت درج کرے گی۔
سنگھ نے کہا کہ سال۲۰۱۴‘۲۰۱۷‘۲۰۱۹؍اور۲۰۲۲ اور اب ۲۰۲۴میں ۱۰سالوں کے اندر ۵؍انتخابات ہوگئے ۔ بی جے پی کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ملک میں ون نیشن ون الیکشن کی روایت ہوگی۔ بار۔بار الیکشن کا مالی بوجھ عوام پر نہیں ڈالا جائے گا۔ ایک ہی ساتھ لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات ہونگے ۔
وزیر دفاع نے کہا کہ آج دنیا میں ہندوستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ۲۰۰۴میں دنیا میں معیشت کے معاملے میں ہندوستان ۱۱ویں نمبر پر تھا۔ ۲۰۱۴میں اب تک مودی جی کی پالیسیوں کی وجہ سے آج ہندوستان دنیا کی پانچویں معیشت بن چکا ہے ۔ ۲۰۲۷تک ہندوستان دنیا کی تیسری بڑی معیشت ہوگا۔
سنگھ نے کہا کہ سیاست میں کبھی میں نے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکا ہے ۔ اگر میں کبھی جھوت بولوں تو میری باتوں کی تنقید ہونی چاہئے ۔ انہوں نے۲۵کروڑ لوگوں کو خطہ افلاس سے اوپر لانے کا دعوی کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آنے والے دنوں میں ہندوستان کا کوئی شخص غریب نہیں رہ جائے گا۔