نئی دہلی//
لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی۴۹سیٹوں کیلئے۲ء۶۲فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
الیکشن کمیشن نے جمعرات کو کہا کہ اس مرحلے کیلئے۲۰مئی کو ووٹ ڈالے گئے اور تمام۴۹سیٹوں پر۲ء۶۲فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔
مردوں کی ووٹنگ کا تناسب۴۸ء۶۱فیصد جبکہ خواتین کا ۶۳فیصد رہا۔ اس کے علاوہ ٹرانس جینڈر ووٹرز کا تناسب۹۶ء۲۱تھا۔
کمیشن کے مطابق مغربی بنگال میں سب سے زیادہ۴۵ء۷۸فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ بہار میں۷۶ء۵۶فیصد‘ جموں و کشمیر میں۱۰ء۵۹‘جھارکھنڈ میں ۲۱ء۶۳‘ لداخ میں۸۲ء۷۱‘ مہاراشٹر میں۸۹ء۵۶‘ اڈیشہ میں ۵۰ء۷۳اور اتر پردیش میں۰۲ء۵۸فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اڈیشہ کے کندھمال میں دو پولنگ اسٹیشنوں پر آج دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے ، اس لیے ووٹنگ کا فیصد مزید بڑھ سکتا ہے ۔
پانچویں مرحلے میں اتر پردیش کی۱۴‘ مہاراشٹر کی ۱۳‘ مغربی بنگال کی سات، اڈیشہ اور بہار کی پانچ، پانچ، جھارکھنڈ کی تین اور جموں کشمیر اور لداخ کی ایک ایک سیٹ کے لیے ووٹ ڈالے گئے ۔
ووٹنگ کے پانچویں مرحلے کے ساتھ ہی کل ۵۴۳سیٹوں میں سے۴۲۸سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل ختم ہو گیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں۱۰۲پارلیمانی حلقوں، دوسرے میں ۸۸، تیسرے میں۹۳، چوتھے میں۹۶؍اور پانچویں مرحلے میں۴۹پارلیمانی حلقوں میں انتخابات ہو چکے ہیں۔ چھٹے اور ساتویں مرحلے میں بالترتیب۲۵مئی اور یکم جون کو ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی۴جون کو ہوگی۔