جموں//
جموںکشمیر کے ضلع رام بن کے دلواس علاقے میں قومی شاہراہ پر ایک سڑک حادثے میں ایک ٹرک ڈرائیور کی موت جبکہ دو زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ رام بن کے دلواس علاقے میں قومی شاہراہ پر ایک ٹرک اور ڈمپر کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ ڈمپر کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر زخمی ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹرک جموں سے سری نگر جا رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔
متوفی کی شناخت ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم ڈمپر ڈرائیور کی شناخت محمد اکرم ولد محمد یوسف اور کنڈکٹر کی شناخت بہار احمد ولد عبدالواحد ساکنان رام بن کے طور پر ہوئی ہے ۔زخمیوں کو علاج و معالجے کیلئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں دونوں کو گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
اس دوران جموں وکشمیر کے سانبہ میں بدھ کے ر وز ایک ٹرک نے سکوٹی کو ٹکر ماری جس وجہ سے دو افراد کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق سانبہ میں فلائی آور پر تیز رفتار ٹرک نے مخالف سمت سے آرہے ایک موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔
متوفین میں سے ایک کی شناخت بابا بھیم ساکن نروال بائی پاس کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔