تحریر:ہارون رشید شاہ
نہیں صاحب یہ ضروری نہیںہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ سیاستدان بار بار اور … اور ہر بار جھوٹ بولیں … یقین کیجئے کہ ایسا ضروری نہیں ہے ۔ ستاستدان بھی کبھی کبھی سچ بولتے ہیں… سچ بھی بول سکتے ہیں … وجہ چاہے کچھ بھی ہو ‘ لیکن سچ بولتے ہیں ‘ بو ل سکتے ہیں … جیسے اپنے نقوی صاحب…مختارعباس نقوی صاحب سچ بول رہے ہیں… حج سبسڈی کے حوالے سے یہ سچ بول رہے ہیں کہ … کہ حج سبسڈی کے نام پر مسلمانوں کے ساتھ چھل کیا جارہا تھا… انہیں دھوکہ دیا جارہا تھا اور… اور اللہ میاں کی قسم ہم ان کی بات کو سچ سمجھتے ہیں اور اس لئے سمجھتے ہیں کیونکہ ان کی یہ بات سچ ہے …سو فیصد سچ ہے ۔ کانگریس پارتی حج سبسڈی کے نام پر مسلمانوں پر جو احسان جتاتی تھی… اصل میں وہ احسان نہیں بلکہ ان کے ساتھ دھوکہ تھا …اور اس دھوکہ کی وجہ سے مسلمانوں کو کوئی فائدہ تو نہیں ہورہا تھا… الٹا نقصان ہو رہا تھا… نام نہاد سبسڈ ی کے باجود نقصان ہو رہا تھا کہ … کہ اگر کسی کو فائدہ پہنچ رہا تھا تو… تو وہ ائر انڈیا تھا … اور ہاں کانگریس پارٹی کو بھی ۔ حج سبسڈی کے نام پر بھی کانگریس مسلمانوں سے کئی دہائیوں تک ووٹ بٹور تی آئی تھی اور… اور مسلمان بھی دیکھئے کتنے سادہ تھے کہ انہیں کانگریس حکوت لوٹ رہی تھی …اور وہ لٹ رہے تھے… انہیں یہ لوٹ نہیں دکھائی دے رہی تھی… الٹا یہ اس بات کو سچ مان کر چل رہے تھے کہ … کہ کانگریس کی حکومت واقعی میں ان پر بڑا احسان کررہی ہے… انہیں سبسڈی دے کر ۔ جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھااور… اور اس لئے نہیںتھا کیونکہ جس طرح دوسرے معاملات میں کانگریس پارٹی نے ملک کے مسلمانوں کو دھوکہ دیا ‘ انہیں پسماندہ بنائے رکھنے میں کوئی کثر باقی نہیں رکھ چھوڑ دی… اسی طرح حج سبسڈی کے نام پر بھی انہیں دھوکہ دیا … اور ہم نقوی صاحب کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں…بی جے پی کا ملک کے مسلمانوں کے حوالے سے یا نظریے ہے یا موقف ہے ‘ یہ مسلمانوں کی کتنی ہمدرد ہے اور کتنی نہیں ‘ اسے مسلمانوں کی ترقی کی کتنی فکر ہے اور کتنی نہیں ‘ یہ مسلمانوں کی کتنی غمخوار ہے او کتنی نہیں ‘ اس پر بات پھر کبھی کہ… کہ آج ہم بات کانگریس پارٹی کی کررہے ہیں… کانگریس پارٹی کے مسلمانوں کو دئے گئے دھوکوں کی کررہے ہیں اور… اور اللہ میاں کی قسم جتنا استحصال ‘ جتنا دھوکہ کانگریس پارٹی نے مسلمانوں کودیا ہے… اتنا کسی اور پارٹی نے نہیں دیا ہے… بالکل بھی نہیں دیا ہے… اور ہاں کانگریس نے یہ سب کچھ دوست بن کرکیا اور… اور یہی سب سے بڑی تکلیف دہ بات ہے ۔ ہے نا؟