ممبئی//ویسٹ انڈیز کی ٹیم 23 مئی سے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلے گی۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے رواں سال کے لیے اپنے ڈومیسٹک انٹرنیشنل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس میں ٹیم مئی سے دسمبر کے درمیان جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیلے گی۔
جنوبی افریقہ سے سیریز کے فوراً بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہوگا، جس کی میزبانی ویسٹ انڈیز کے ساتھ مل کر امریکہ کر رہا ہے۔ ورلڈ کپ کے بعد ویسٹ انڈیز جولائی میں ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی میزبانی کرے گا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم اگست میں دوبارہ ویسٹ انڈیز پہنچے گی جہاں اسے دو ٹیسٹ اور تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاروبا میں چار روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا۔
نومبر میں ایک بار پھر انگلینڈ کی ٹیم تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے کیریبین جزیرے کا دورہ کرے گی۔ اس کے بعد 22 نومبر سے 19 دسمبر کے درمیان بنگلہ دیشی ٹیم آل فارمیٹ کی سیریز کھیلنے ویسٹ انڈیز جائے گی جس میں ایک پریکٹس میچ، دو ٹیسٹ میچز، تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچ شامل ہیں۔