سرینگر//
جموں کشمیر کے عازمین حج کیلئے محکمہ صحت نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے رواں برس سفر محمود پر جانے والے عازمین کو تمام کورونا مخالف ٹیکہ لگوانے کے علاوہ دیگر ضروری ویکسین کی ڈوز لینے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں تمام عازمین حج سے کورونا مخالف ٹیکہ کاری مکمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے‘ کیونکہ سفر محمود پر روانگی سے قبل تمام عازمین کے لیے کووڈ مخالف ویکسین کی سرٹیفکیٹ جمع کرنا ناگزیر ہے۔
وہیں عازمین حج سے دیگر ضروری ویکسین بشمول کیو ایم ایم وی، پولیو اور سیزنل انفلوئنزا ویکسین کی خوراک لینے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایڈوائزری میں عازمین کو صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے کے علاوہ کھانے پینے کے بارے میں بھی ہدایات دی گئی ہیں۔
عازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر ماسک پہننے اور بیماری کی علامات والے لوگوں سے جسمانی دوری اختیار کرنے کے علاوہ کئی دیگر طبی مشورے دیے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دو برس تک غیر سعودی باشندوں کیلئے حج پر پابندی عائد تھی تاہم دو برس بعد پابندی ہٹائے جانے کے ساتھ ہی جموں و کشمیر سے امسال قریب ۶ ہزار افراد سفر محمود پر روانہ ہو رہے ہیں۔