سرینگر//
منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں۲منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بارہمولہ کی ایک ٹیم نے بنر کراسنگ پر ناکہ کے دوران دو افراد کو روکا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے۸۰گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں بند رکھا گیا۔
بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت جاوید احمد لون ولد محمد رمضان اور طارق احمد لون ولد غلام نبی ساکنان کھڈنیار بارہمولہ کے طور پر کی گئی ہے ۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے چار مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت۷۹مقدمے درج کرکے۳۶سخت گیر منشیات فروشوں سمیت۱۴۵منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے ایک کروڑ ۸۸لاکھ رویے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے ۔